vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکا میں آج لیبر ڈے، کیا کھلا اور کیا بند رہے گا؟

0

امریکا میں آج پیر 7 ستمبر کو لیبر ڈے منایا جا رہا ہے، جس کے موقع پر وفاقی سرکاری دفاتر، ڈاک خانے، عدالتیں، اسکول، بینک اور اسٹاک مارکیٹ بند رہیں گے، جبکہ زیادہ تر بڑے اسٹورز اور سپر مارکیٹس معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لیبر ڈے ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو منایا جاتا ہے اور امریکی کارکنوں کی خدمات اور محنت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے قومی تعطیل ہے۔ آج امریکی حکومت کے بیشتر دفاتر، پوسٹ آفس، عدالتیں اور دیگر وفاقی ادارے بند ہیں، جبکہ امریکی اسٹاک مارکیٹ اور بینک بھی تعطیل کے باعث بند رہیں گے۔زیادہ تر بڑے ریٹیل اور گروسری اسٹورز آج کھلے رہیں گے اور کئی اسٹورز صارفین کو متوجہ کرنے کے لیے لیبر ڈے پر خصوصی رعایتیں بھی دے رہے ہیں، تاہم مختلف مقامات پر اوقاتِ کار مختلف ہوسکتے ہیں۔ البتہ کوسٹکو لیبر ڈے کے موقع پر بند رہے گا۔فیڈ ایکس اور یو پی ایس کی معمول کی پک اپ اور ڈیلیوری سروسز بھی آج معطل رہیں گی، تاہم بعض مقامات پر محدود یا ضروری خدمات دستیاب ہوں گی۔لیبر ڈے کی تعطیلات کے باعث امریکا میں لاکھوں افراد طویل ویک اینڈ پر سفر بھی کر رہے ہیں۔ اے اے پی کے مطابق مقبول ملکی مقامات کے لیے پروازوں کے کرائے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 20 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ ہوٹلوں کے نرخ بھی بڑھے ہیں۔لیبر ڈے امریکا میں 1894 سے وفاقی تعطیل کے طور پر منایا جا رہا ہے اور ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو آتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.