میئر زہران ممدانی نے نیویارک بھر کے نجی پارکنگ گیراج اور لاٹ مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ آئی سی ای کو اپنی جگہ امیگریشن کارروائیوں کیلئے استعمال کرنے کی اجازت نہ دیں، اس اپیل کی حمایت 100 سے زائد منتخب نمائندوں نے کی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اپیل ماربل ہل میں آئی سی ای اہلکاروں کی فائرنگ کے ایک ہفتے بعد سامنے آئی ہے، جہاں 28 سالہ آسکر بیلگل کو گردن میں گولی لگی تھی جبکہ ان کا 5 سالہ بیٹا بھی گاڑی میں موجود تھا، اور آئی سی ای اہلکار مبینہ طور پر قریبی نجی پارکنگ سے کارروائی کر رہے تھے۔ میئر ممدانی نے کہا کہ شہری قانون پہلے ہی آئی سی ای کو سرکاری جائیداد استعمال کرنے سے روکتا ہے، تاہم وفاقی اہلکار اب نجی پارکنگ لاٹس کا رخ کر رہے ہیں، اسی لیے وہ ہر مالک سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ اپنی جگہ آئی سی ای کو کرائے پر نہ دیں۔ میئر نے بتایا کہ مورٹن اسٹریٹ پر ایک گیراج نے پڑوسیوں کی آواز اٹھانے پر آئی سی ای کی گاڑیاں ہٹا دی تھیں، اور ہر مالک کے پاس ایسا کرنے کا اختیار ہے۔ حکام کے مطابق نیویارک کی 31 لاکھ سے زائد آبادی یعنی ایک تہائی سے زیادہ شہری بیرون ملک پیدا ہوئے ہیں، اور تارکین وطن شہر کی افرادی قوت کا 43 فیصد حصہ ہیں۔