نیویارک میں جشنِ میلاد النبی ﷺ، طیبہ اسلامک سینٹر سے جلوس اور کار ریلی کا انعقاد
سرکارِ دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادتِ باسعادت کی خوشی میں نیویارک میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر، انٹرنیشنل میلاد کونسل اور طیبہ اسلامک سینٹر کے زیرِ اہتمام بروکلین میں عید میلاد النبی ﷺ کا عظیم الشان جلوس نکالا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ نے بھرپور شرکت کی۔ جلوس کے دوران فضا درود و سلام، نعتیہ کلام اور ذکرِ رسول ﷺ سے معطر رہی۔
علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر ،انٹرنیشنل میلاد کونسل اور طیبہ اسلامک سینٹر کے زیر اہتمام نیویارک کے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو اور ایونیو آر کے سنگم پر واقع طیبہ اسلامک سینٹر سے تیسرے سالانہ جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس اور کار ریلی کا آغاز ہوا۔جلوس میں شرکت کے لیے نیویارک کے مختلف علاقوں سے عاشقانِ مصطفیٰ،طیبہ اسلامک سینٹر پر جمع ہوئے اور تلاوتِ کلام پاک سے اس بابرکت محفل کا آغاز ہوا۔اس موقع پر علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے چیئرمین ملک ناصر اعوان نے تقریب میں شریک علمائے کرام کا استقبال کیا اور انہیں ہار پہنائے۔ چیئرمین ملک ناصر اعوان، صدر طاہر بھٹہ اور سیکریٹری چوہدری جاوید نے تمام شرکاء کی آمد کا شکریہ ادا کیا.جشنِ میلاد النبیﷺ کی اس روح پرور تقریب میں علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر یوتھ ونگ کے انچارج ملک حسن ناصرنےجلوس کی روانگی سے قبل معزز مہمانوں کا تعارف کروایا اور انکی آمد کا شکریہ ادا کیااس موقع پر معزز شخصیات نے علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر، طیبہ اسلامک سینٹر اور ان کے تمام رفقاء و معاونین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان سے اظہارِ تشکر کیابعدازاں معروف نعت خوانوں نے بارگاہِ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کیےجلوس اور کار ریلی کی روانگی سے قبل طیبہ اسلامک سینٹر میں خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا، جس میں علمائے کرام اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔دعا کے بعد جلوس اور کار ریلی کونی آئی لینڈ ایونیو سے روانہ ہوئی، جہاں شرکاء نے گاڑیوں کو خوبصورت انداز میں سجا رکھا تھا۔جلوس میں بیت اللہ اور مدینہ منورہ کی شبیہہ پر مبنی خوبصورت فلوٹس میں شامل رہے۔ جلوس کے دوران درود و سلام اور نعتیہ کلام کی صدائیں بلند ہوتی رہیں، جبکہ شرکاء نے حضور اکرم ﷺ سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے علمائے کرام نے سیرتِ طیبہ ﷺ کی روشن تعلیمات کو اجاگر کیا اور نئی نسل کو اسلامی اقدار و روایات سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کمیونٹی میں اتحاد، محبت، اخوت اور باہمی بھائی چارے کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔جلوس کے منتظمین علامہ اقبال کمیونٹی سینٹر کے روحِ رواں ملک ناصر اعوان اور ان کے بیٹے حسن ناصر اعوان نے معزز مہمانوں اور نیویارک پولیس کے افسران کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں ایوارڈز پیش کیےبعد ازاں جلوس کے اختتام سے قبل رحمتُ اللعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا۔ جلوس کے اختتام پر امتِ مسلمہ کی ترقی، خوشحالی، سلامتی اور کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔نیویارک میں منعقد ہونے والا یہ جلوس اور کار ریلی عقیدت، اتحاد اور محبتِ رسول ﷺ کے اظہار کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔