نئے تعلیمی سال سے پہلے نیویارک سٹی کے سرکاری اسکولوں میں روزگار کے دروازے کھل گئے ہیں۔ مختلف آسامیوں پر بھرتیاں جاری ہیں، جبکہ کئی عہدوں کے لیے امیدواروں کے پاس کسی کالج یا یونیورسٹی کی ڈگری ہونا بھی لازمی نہیں۔
نئے تعلیمی سال کا آغاز قریب آتے ہی نیویارک سٹی کے مختلف سرکاری اسکولوں میں عملے کی کمی پوری کرنے کے لیے بھرتیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ان میں اسکول ایڈ کی ملازمتیں بھی شامل ہیں۔ اسکول ایڈز اساتذہ کا غیر تدریسی کام کم کرنے، طلبہ کو نظم و ضبط میں رکھنے، لنچ روم میں نگرانی اور اسکول کے دفتری امور میں معاونت جیسے کام انجام دیتے ہیں۔یعنی ایسے افراد جو بچوں کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں لیکن ان کے پاس کالج یا یونیورسٹی کی ڈگری نہیں، وہ بھی ان مواقع کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔امیدواروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے والے ہوں، دی گئی ذمہ داریاں بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کر سکیں اور حاضری اور وقت کی پابندی کا اچھا ریکارڈ رکھتے ہوں۔ملازمت کے خواہش مند افراد کے لیے اہم بات یہ ہے کہ درخواست دینے سے پہلے متعلقہ اسکول کی آسامی، ذمہ داریوں، تنخواہ، کام کے اوقات اور دیگر شرائط ضرور چیک کریں۔خواہشمند افراد مزید معلومات اور آن لائن درخواست جمع کروانے کے لیے متعلقہ ویب سائٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔