vosa.tv
Voice of South Asia!

بیرونِ ملک مقیم امریکیوں کے لیے پاسپورٹ کی تجدید مزید آسان ہونے کا امکان

0

بیرونِ ملک رہنے والے امریکی شہریوں کے لیے بڑی سہولت متعارف کرانے کی تیاری، امریکی محکمہ خارجہ نے پاسپورٹ کی تجدید کا عمل مکمل طور پر آن لائن کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اگر یہ منصوبہ منظور ہوگیا تو شہریوں کو پاسپورٹ کی تجدید کے لیے سفارت خانے یا قونصل خانے کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجویز کے تحت اہل امریکی شہری بیرونِ ملک رہتے ہوئے آن لائن پاسپورٹ کی تجدید کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے، فیس ادا کریں گے اور پاسپورٹ کی تصویر بھی آن لائن اپ لوڈ کر سکیں گے۔اس نظام کو مختلف ممالک میں مرحلہ وار متعارف کرایا جائے گا۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ پہلے مرحلے میں کن ممالک کو شامل کیا جائے گا۔یہ سہولت ان امریکی شہریوں کے لیے خاص طور پر اہم ہوگی جو سفارت خانوں اور قونصل خانوں سے دور رہتے ہیں یا جنہیں اپائنٹمنٹ لینے، سفر کرنے اور کاغذی کارروائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔محکمہ خارجہ کے مطابق آن لائن نظام سے نہ صرف وقت بچے گا بلکہ سفر، ڈاک اور پاسپورٹ فوٹوگرافی کے اخراجات بھی کم ہوں گے۔ اندازے کے مطابق بیرونِ ملک تقریباً دو لاکھ 20 ہزار اہل امریکی شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔تاہم ہر شخص آن لائن تجدید کا اہل نہیں ہوگا۔ سابقہ پاسپورٹ 10 سال کے لیے جاری کیا گیا ہو اور درخواست گزار کی عمر پاسپورٹ جاری ہونے کے وقت کم از کم 16 سال ہو، جبکہ پاسپورٹ کے گم یا چوری ہونے کی صورت میں آن لائن تجدید کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ آن لائن درخواست دینے والوں سے وہی پاسپورٹ فیس وصول کی جائے گی، لیکن انہیں سفر، ڈاک اور دیگر اضافی اخراجات سے بچت ہوسکے گی۔اہم بات یہ ہے کہ یہ منصوبہ ابھی حتمی نہیں ہوا۔ امریکی محکمہ خارجہ عوام سے 60 روز تک رائے اور تجاویز وصول کرے گا، جس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ اس نظام کو منظور کیا جائے یا اس میں مزید تبدیلیاں کی جائیں۔اگر تجویز منظور ہوگئی تو بیرونِ ملک مقیم لاکھوں امریکیوں کے لیے پاسپورٹ کی تجدید کا عمل پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ آسان اور تیز ہو سکتا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.