نیو جرسی: پاکستان کا یومِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا
پاکستان کے اناسی ویں یومِ آزادی پر ریاست نیوجرسی کی برگن کاؤنٹی میں جشنِ آزادی بھرپور جوش و جذبے سے منایا گیا۔سبز ہلالی پرچم فضاء میں لہرا یا تو سب کے سر فخر سے بلند ہو گئے۔ڈھو ل کی تھاپ پر بھنگڑوں اور ملی نغموں نے لہو گرمایا۔کاونٹی انتظامیہ نے پاکستانی قونصل جنرل کو سائٹیشن اور اعزازی چابی بھی پیش کی۔
پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی پر ریاست نیوجرسی کے برگن کاؤنٹی ایگزیکٹیو اوربورڈ آف کمشنر نے کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کے اشتراک سے جشنِ آزادی کی تقریب سجائی جس کی ابتدا تلاوتِ کلامِ پاک سے کی گئی۔تقریب کے آغاز پر کاونٹی پولیس کے دستوں نے سلامی دی ،امریکا اور پاکستان کے قومی ترانے پڑھے گے بعد ازاں سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند ہو ا تو سب جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہوگئے۔۔تقریب کی نظامت برگن کاونٹی میں ڈپٹی ٖ ڈائریکٹر آف کمیونی کیشن سدرہ رزاق کر رہی تھیں جنھوں نے مہمانوں کا تعارف کرایا اور خیر مقدم بھی کیا۔تقریب میں نیویارک میں متعین پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی،کلچرل سوسائٹی آف برگن کاؤنٹی کی روحِ رواں فرحت خان،سوسائٹی کی صدر ڈاکٹر غزالہ ارشد، ڈاکٹر غزالہ چوہان ،سائرہ گیلانی، نادیہ ، مریم جاوید،صائمہ، صوفی حق، فائزہ اور نسیم سمیت نیوجرسی میں مقیم پاکستانی امریکن کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک تھی۔قونصل جنرل عامر احمد اتوز ئی نے مشہور ملی نغمہ دل دل پاکستان سنا کر سب کو حیران کردیا۔جشن ِ آزادی پر برگن کاونٹی کے ایگزیکٹیو جیمز ٹیڈیسکو کی شلوار قمیض زیب تن کرکے شرکت نے سب کو متاثر کیا۔شرکاٗ سے خطاب میں جیمز ٹیڈیسکو اور وائس چیئر وومن ٹریسی سلنا نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی۔ان کا کہنا تھا پاکستان نے آزادی کے بعد کم وقت منفرد مقام حاصل کیا،جو پاکستانی امریکا میں مقیم ہیں انھوں نے بھی اپنے خواب سچ کر دکھائے۔اس موقع پر پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک نعمت ہے جو اپنی تہذیب و ثقافت،مذہب اور معاشرتی اُصولوں کے مطابق زندگی گزارنے کی ضامن ہوتی ہے، قائد اعظم محمد علی جناح نے بھی سب کو یکساں آزادی اور برابری کا حق دیا۔جشنِ آزادی کی تقریب میں کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کی صدر ڈاکٹر غزالہ ارشد، سائرہ گیلانی اور دیگر نےکاونٹی ایگزیکٹیو ، کمشنر بورڈ ممبران اور فرحت خان سے اظہارِ تشکر کیا۔شرکا سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تہذیب و ثقافت اپنی مثال آپ ہے۔زند ہ قومیں اپنی تاریخ ہمیشہ یاد رکھتی ہیں،قومی دن اور تہور منانا ایک دوسرے کی تہذیب و ثقافت کو سمجھنے کا بہترین موقع ہیں۔تقریب سے خطاب میں دیگر مقررین نے پاکستانی امریکن کمیونٹی کو 79یومِ آزادی کی مبارک باد دی۔مقررین کا کہنا تھا کہ ہم سب کے لیے ضروری ہے کہ اپنی تہذیب و ثقافت اور تاریخی ورثے کو نئی نسل تک منتقل کریں۔یومِ آزادی کی تقریب کے اختتام سے قبل کاونٹی ایگزیکٹیو نے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کو سائٹیشن اور اعزازی چابی پیش کی جبکہ دیگر شخصیات کو تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر بھنگڑا ٹیم نے ثقافتی رقص کا شاندار مظاہرہ کیا۔۔