ریاض میں مسلم لیگ ن کی تقریب، پاکستانی کمیونٹی کے مسائل پر گفتگو
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے پارلیمانی سیکرٹری احسان الحق باجوہ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، سفری مشکلات اور میتوں کی پاکستان منتقلی کے اخراجات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ریاض میں پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے دبئی سے آئے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری احسان الحق باجوہ کے اعزاز میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مسلم لیگ ن کے عہدیداران، پاکستانی سفارتخانے کے ویلفیئر حکام، کاروباری شخصیات اور کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔تقریب کے دوران سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر خالد اکرام رانا نے میتوں کی پاکستان منتقلی پر آنے والے بھاری اخراجات کا معاملہ اٹھاتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔شرکاء نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے حکومتِ پاکستان اور متعلقہ اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔پارلیمانی سیکرٹری احسان الحق باجوہ نے یقین دہانی کرائی کہ کمیونٹی کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز متعلقہ حکام تک پہنچائی جائیں گی۔