ہیمپسٹیڈ سپروائزر امیدوار جوشنابلو کی محمدی مسجد آمد
امریکا کے ٹاؤن آف ہیمپسٹیڈ کے سپروائزر کے امیدوار جوشنابلو نے گزشتہ جمعہ 31 جولائی کو پاکستان نیوز کے مجیب لودھی کی دعوت پر محمدی مسجد کا پہلا دورہ کیا۔
اس موقع پر مسجد میں موجود سینکڑوں مسلمانوں سے ان کا تعارف کرایا گیا، جبکہ بعد ازاں مسجد کی انتظامیہ اور مسلم کمیونٹی کے نمائندوں کے ساتھ ایک مقامی ریسٹورنٹ میں ملاقات بھی ہوئی۔جوشنابلو نے مسلم امریکی کمیونٹی کو درپیش عمومی مسائل اور محمدی مسجد کے اطراف کے مقامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور یقین دہانی کرائی کہ منتخب ہونے کی صورت میں ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور تعاون کریں گے۔انہوں نے اسلاموفوبیا، نفرت انگیزی اور معاشرتی تقسیم کے خلاف اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام کمیونٹیز کے ساتھ برابری اور احترام کی بنیاد پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔