نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران کا مکی مسجد کا دورہ
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے بروکلین میں واقع مکی مسجد کا دورہ کیا اور انتظامیہ سے ملاقات کی۔ مسجد کی انتظامیہ نے پولیس افسران کی خدمات کو سراہا اور ایوارڈ پیش کیے
نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے 70 پریسنکٹ کے کمانڈنگ آفیسر کی قیادت میں ایک وفد نے بروکلین کے علاقے کونی آٗئی لینڈ ایونیو پر واقع مکی مسجد کا جمعہ کو دورہ کیا اور مسجد کی انتظامیہ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر مکی مسجد کے چیئرمین ظفر اقبال، کمیونٹی ایکٹیوسٹ راجہ آزاد گل سمیت پاکستانی امریکن کمیونٹی کی سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔ پولیس افسران نے نمازیوں سے گفتگو میں کہا کہ معاشرے کی بہتری کے لیے کمیونٹی اور پولیس کے درمیان دو طرفہ تعاون قائم رہے۔ اس موقع پر ظفر اقبال نے پولیس افسران کی خدمات کا اعتراف کیا، ان کے تعاون کو سراہا اور سیکیورٹی کی فراہمی پر اظہارِ تشکر کیا۔ آخر میں 70 پریسنکٹ کے کمانڈنگ آفیسر اور دیگر کو مکی مسجد انتظامیہ کی طرف سے ایوارڈ بھی پیش کیے گئے۔