میئر ممدانی کا نیا 2K ریس پروگرام متعارف
نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے بچوں کی نگہداشت کے نئے “2K” پروگرام کی تشہیر کے لیے ایک نئی دو کلومیٹر دوڑ متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔ “2K فار 2k” کے نام سے یہ ریس 7 جون کو اپر مین ہیٹن کے فورٹ ٹرائن پارک میں منعقد ہوگی، جس میں بچوں کے لیے مختصر ریسز بھی رکھی جائیں گی۔
میئر ممدانی نے کہا کہ رواں سال شروع ہونے والے 2K پروگرام کے تحت ابتدائی مرحلے میں 2 ہزار خاندانوں کو دو سالہ بچوں کے لیے مفت، مکمل وقت کی چائلڈ کیئر فراہم کی جائے گی، جبکہ آئندہ چار برسوں میں اس پروگرام کو پورے شہر تک توسیع دی جائے گی۔ ان کے مطابق “یہ کام ایک میراتھن کی طرح ہے، مختصر دوڑ نہیں”، اور مقصد ہر خاندان کو مساوی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی انتظامیہ شہر میں محفوظ سڑکوں، سائیکل لینز، بہتر پارکس اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ پر کام کررہی ہے تاکہ شہری زیادہ سے زیادہ وقت باہر گزار سکیں۔ ممدانی کے مطابق “ہر بچے کو کھیلنے کی جگہ ملنی چاہیے، اور شہر کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ مواقع فراہم کرے۔”