vosa.tv
Voice of South Asia!

ذہنی صحت اورنشے کےعلاج میں غفلت، امریکی انشورنس کمپنی کے خلاف کارروائی

0

نیویارک (نیوزڈیسک) اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز نے ذہنی صحت اور نشے کے علاج کے خواہش مند افراد کو غلط معلومات دینے پر ہیلتھ انشورنس کمپنی کیئرلون کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو تصفیوں کا اعلان کیا ہے۔ ان تصفیوں کے تحت کمپنی کو کم از کم 10.35 ملین ڈالر جرمانے اور متاثرہ مریضوں کو رقم واپس کرنا ہوگی۔

اٹارنی جنرل آفس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کیئرلون کی آن لائن فہرستوں میں ایسے ڈاکٹرز کے نام بھی شامل تھے جو نئے مریضوں کا علاج نہیں کر رہے تھے، دستیاب نہیں تھے یا کمپنی کے انشورنس نیٹ ورک کا حصہ ہی نہیں تھے۔تحقیقات کے مطابق ایمبلم ہیلتھ کے 82 فیصد ڈاکٹرز، جنہیں نئے مریضوں کے لیے دستیاب ظاہر کیا گیا تھا، حقیقت میں علاج فراہم نہیں کر رہے تھے۔

اس مسئلے کو گھوسٹ نیٹ ورک یعنی صرف کاغذوں میں موجود ڈاکٹروں کا نیٹ ورک قرار دیا گیا۔تصفیے کے مطابق کمپنی ان اہل مریضوں کو 8 ملین ڈالر تک واپس کرے گی جنہیں نیٹ ورک میں ڈاکٹر نہ ملنے کی وجہ سے باہر سے مہنگا علاج کروانا پڑا۔کمپنی کو ڈاکٹرز کی فہرستیں درست کرنا ہوں گی اور ہر 90 دن بعد ان کی دستیابی کی تصدیق بھی کرنا ہوگی، تاکہ مریضوں کو علاج کے لیے بروقت اپائنٹمنٹ مل سکے۔تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کمپنی نے کم از کم 41 کیسز میں نشے کے علاج کی درخواستیں غلط طبی معیار استعمال کرتے ہوئے مسترد کیں۔

اب کمپنی کو نیویارک کے منظور شدہ طبی اصولوں کے مطابق ہر درخواست کا جائزہ لینا ہوگا اور جن اہل مریضوں کا علاج غلط طور پر مسترد کیا گیا، انہیں علاج کے اخراجات بھی واپس کرنا ہوں گے۔اٹارنی جنرل لیٹیشیا جیمز کا کہنا ہے کہ ذہنی صحت یا نشے کے علاج کے لیے مدد مانگنے والے افراد کو بروقت اور درست سہولت ملنی چاہیے۔ ان کے مطابق ان اقدامات سے مریضوں کو علاج تک رسائی ملے گی اور متاثرہ افراد کو ان کی رقم بھی واپس مل سکے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.