طارق ملک دنیا کے 25 بہترین ڈیجیٹل ماہرین میں شامل
پاکستان میں نادرا کے سابق چیئر مین طارق ملک کو ڈیجیٹل شعبے میں دنیا کے پچیس بہترین ماہرین میں شامل کرلیا گیا۔ طارق ملک ان دنوں ورلڈ بینک میں بطور ٹیکنیکل ایڈوائزر کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔
معروف بین الاقوامی کمپنی اوکٹا وینچرز نے ڈیجیٹل صنعت میں غیر معمولی تخلیق اور ایجادات میں نمایاں مقام رکھنے والے دنیا کے پچیس بہترین ماہرین پر مشتمل فہرست جا ری کردی ہے ۔ اس سال کی تھیم آئی ڈینٹیٹی اِز دی کنٹرول پلین رکھی گئی ہے جس میں صارف کی شناخت کو مرکزی حیثیت دی گئی ہے ۔اس فہرست میں گیارہویں نمبر پرپاکستان میں قومی شناختی کارڈ کے اجرا ٗ کے ادارے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی کے سابقہ چیئر مین طارق ملک کو بھی شامل کیا گیا ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے ۔اس سلسلے میں نیویارک کے مشہوو معروف مقام ٹائمز اسکوائر پر نیس ڈیک اسکرین پر فہرست میں شامل شخصیات کے نام ، تصویر اور شعبے سے وابستگی سے متعلق بنیادی معلومات پر مشتمل پروفائل چلا کر ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ طارق ملک 2012 سے 2014 اور 2021 سے 2023تک نادرا کے چیئر مین رہ چکے ہیں ۔ان دنوں وہ عالمی بینک میں بطور ٹیکنیکل ایڈوائزر کے فرائض انجام دے رہے ہیں ۔واضح رہے کہ اوکٹا وینچرز نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ کانٹینٹ کی حفاظت، ڈیپ فیک ٹیکنالوجیز کے خطرات کم کرنے اور ڈیجیٹل شناخت کے معیار کو بہتر بنانے کے منصوبہ ساز ، تخلیق کار وں کو شامل کیا ہے۔