نیویارک سٹی کے میئر زوہران کوامے ممدانی اور سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینین نے شہر کو درپیش اربوں ڈالر کے بجٹ خسارے پر قابو پانے کے لیے ریاستی حکومت سے فوری تعاون کا مطالبہ کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے کہا کہ مالی سال 2027 کے لیے نیویارک سٹی کو اس کا جائز حصہ دیا جائے تاکہ مالی بحران کم کیا جا سکے۔انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاس تھرو اینٹیٹی ٹیکس (PTET) کریڈٹ کو کم کر کے تقریباً ایک ارب ڈالر اضافی آمدن حاصل کی جا سکتی ہے۔ ان کے مطابق اس اقدام سے زیادہ آمدنی رکھنے والے افراد پر ٹیکس کا بوجھ بڑھے گا جبکہ عام شہریوں کے لیے ٹیکس فوائد برقرار رہیں گے۔میئر اور اسپیکر نے شہر کے اخراجات میں کمی کے لیے بھی اقدامات پر اتفاق کیا، جن میں پنشن واجبات کی تنظیمِ نو اور کلاس سائز سے متعلق قوانین میں نرمی شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے ایک ارب ڈالر سے زائد کی بچت ممکن ہے، جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے حقوق متاثر نہیں ہوں گے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریاست کی جانب سے شہر کے وسائل کا مسلسل اخراج بند ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق نیویارک سٹی ریاستی آمدن کا بڑا حصہ فراہم کرتا ہے لیکن اس کے مقابلے میں کم فنڈنگ حاصل کرتا ہے، جس سے مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔