vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکہ کے وسط مدتی انتخابات مکمل، الینوائے میں جے بی پرٹزکر اور جولیانا اسٹریٹن کامیاب قرار

0

امریکہ میں 3 نومبر کو ہونے والے وسط مدتی انتخابات مکمل ہوگئے، جن میں شکاگو سمیت ریاست الینوائے کے شہریوں نے بھی بڑی تعداد میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا۔ انتخابی نتائج کے ابتدائی اعلانات کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار جے بی پرٹزکر نے الینوائے کے گورنر اور جولیانا اسٹریٹن نے امریکی سینیٹ کی نشست جیت لی ہے۔

جولیانا اسٹریٹن نے ریپبلکن امیدوار ڈان ٹریسی اور آزاد امیدوار وٹفیلڈ ہیرنگٹن جونیئر کو شکست دے کر سینیٹ کی نشست اپنے نام کی۔ وہ سبکدوش ہونے والے سینیٹر ڈک ڈربن کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی اور امریکی سینیٹ میں خدمات انجام دینے والی چھٹی سیاہ فام خاتون ہوں گی۔دوسری جانب ڈیموکریٹ گورنر جے بی پرٹزکر نے ریپبلکن حریف ڈیرن بیلی کو شکست دے کر تیسری مدت کے لیے کامیابی حاصل کی۔ دونوں امیدواروں کے درمیان 2022 کے انتخابات کے بعد یہ دوسرا مقابلہ تھا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس نے پولنگ ختم ہوتے ہی دونوں کامیابیوں کا اعلان کیا۔ شکاگو میں انتخابی دن کے دوران بھی ووٹرز کی بڑی تعداد پولنگ مراکز پہنچی۔ شکاگو بورڈ آف الیکشنز کے مطابق منگل کی سہ پہر 4 بجے تک شہر میں 2 لاکھ 46 ہزار 19 افراد ذاتی طور پر ووٹ ڈال چکے تھے۔ اس سے قبل ارلی ووٹنگ اور ڈاک کے ذریعے موصول ہونے والے بیلٹس کو شامل کیا جائے تو شہر میں ڈالے گئے ووٹوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 66 ہزار 891 تک پہنچ گئی تھی۔ انتخابات میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے لیے اردو زبان میں ووٹ ڈالنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی۔ کک کاؤنٹی اور شکاگو کے انتخابی مراکز میں اردو سمیت 12 زبانوں میں بیلٹ پیپرز اور انتخابی ہدایات دستیاب تھیں۔ ووٹنگ مشینوں میں اردو آڈیو بیلٹ کی سہولت بھی موجود تھی، جس کے ذریعے ووٹرز ہدایات سن کر اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے تھے۔ بعض مراکز پر اردو، ہندی اور گجراتی بولنے والے انتخابی عملے اور ترجمانوں نے بھی ووٹرز کی رہنمائی کی۔شکاگو کے بعض پولنگ مراکز پر طویل قطاریں بھی دیکھنے میں آئیں، جبکہ چند مقامات پر بیلٹ پیپرز کی کمی کے باعث ووٹنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی۔ انتخابی حکام نے اضافی بیلٹ پیپرز اور ووٹنگ مشینیں فراہم کرکے صورتِ حال سنبھالنے کی کوشش کی۔ان انتخابات میں الینوائے کی گورنر شپ، امریکی سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان کی نشستوں کے علاوہ مقامی عہدوں کے لیے بھی ووٹنگ ہوئی۔ شکاگو میں پہلی مرتبہ تعلیمی بورڈ کے صدر کا انتخاب بھی براہِ راست ووٹرز نے کیا۔وسط مدتی انتخابات کے نتائج کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے اہم عوامی رائے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں سیاسی جماعتوں کی پوزیشن بھی ان انتخابات کے ذریعے طے ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.