
تنظیموں کا امیگرینٹس کو حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے مہم کا آغاز
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی میں سوشل سروس تنظیمیں نے امیگرینٹس کو اپنے حقوق کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے چھاپے نیو یارک، شکاگو، لاس اینجلس اور اٹلانٹا جیسے بڑے شہروں میں بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے نیویارک میں سوشل سروس تنظیمیں نے امیگرینٹس کو ان کے حقوق کی آگاہی فراہم کرنے کے لیے مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ اسٹیٹن آئی لینڈ پر قائم ریستوران اور بیکری کی مالک سرہی مارکیز نے کہا کہ وہ اور ان کے ملازمین خوف میں مبتلا ہیں، کیونکہ انہیں محسوس ہوتا ہے کہ وہ اب محفوظ نہیں ہیں۔ مارکیز کا کہنا ہے کہ یہ خوف ٹرمپ انتظامیہ کے ایگزیکٹو ایکشنز اور امیگریشن کریک ڈاؤن کے نتیجے میں بڑھا ہے۔ نیو یارک امیگریشن کولیشن کی روزانا ایوجینیو نے کہا کہ قانونی حیثیت کے حامل افراد کی پروفائلنگ ممکن نہیں، جس کی وجہ سے ان افراد کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے جو غیر دستاویزی نہیں ہیں۔ وفاقی حکام نے واضح کیا ہے کہ آئی سی ای کے اقدامات چرچ اور اسکول میں بھی کیے جائیں گے جو پہلے غیر دستاویزی افراد کے لیے محفوظ سمجھے جاتے تھے۔ پروجیکٹ روسو کے صدر اینڈریو ہینرچ نے اسکول کے اساتذہ اور منتظمین کو آگاہ کیا کہ اگر وفاقی ایجنٹس اسکول پہنچیں تو انہیں کیا اقدامات کرنا چاہئیں۔