vosa.tv
Voice of South Asia!

یومِ گلگت بلتستان،ثقافتی گیت اور رقص نے رونق دوبالا کردی

0

سوہنی وطن گلگت بلتستان یو ایس اے کے زیر اہتمام  یومِ گلگت بلتستان نیویارک میں بھر پور جوش و  خروش سے منایا گیا۔ثقافتی نمائش، موسیقی اور رقص نے جشن کی رونق کو دوبالا کردیا۔

نیویارک (بیورو رپورٹ)سوہنی وطن  گلگت بلتستان یو ایس اے کے زیرِ اہتمام  نیویارک کے نجی ریسٹورانٹ میں یوم گلگت بلتستان کی تقریب کا تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔ بعد ازاں پاکستان اور امریکا کے  قومی ترانے بجائے گئے۔  تقریب کی نظامت نور پامیری کر رہے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی سیاحت اور ثقافت کو فروغ دینے کی بہت گنجائش موجود ہے۔تقریب میں نہ صرف گلگتی بلکہ پاکستانی امریکن کمیونٹی کی بھی کثیر تعداد شریک تھی۔ شرکاء سے خطاب میں تنظیم کے سربراہ نسیم گلگتی نے تنظیم کے قیام کے اغراض و مقاصد بیان کیے اور تمام مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم کیا، ان کا کہنا تھا کہ  گلگت  بلتستان کے  عوام نے  دنیا میں ہر جگہ پاکستان کا نام  روش کیا۔

مہمان خصوصی گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ  گلبر خان ان کی  کابینہ میں شامل وزراء اور نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی کی آمدپر ان کا  پر تپاک استقبال کیا گیا۔ شرکاء سے خطاب میں وزیرِ اعلیٰ گلبر خان اور قونصل جنرل عامر احمد کا کہنا تھا کہ  گلگت بلتستان  کے عوام  بہت مخلص اور مہمان نواز ہیں۔یومِ گلگت  بلتستان کی تقریب میں پاکستانی امریکن کمیونٹی کی مختلف تنظیموں کے سربراہان جن میں  پرویز صدیقی، شازیہ وٹو،  ثمرین حسین اور دیگر  بھی شریک تھے ۔شرکاء سے خطاب میں مقررین  کا کہنا تھا کہ  ہم سب کی اولین ترجیح اور یہ کوشش کرنی چاہیے کہ  اپنی نوجوان نسل  کے لیے تعلیم  سمیت دیگر شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کریں ۔

گلگت بلتستان کےعوام  یومِ گلگت بلتستان کو یومِ الحاقِ پاکستان کے طور پر بھی مناتے ہیں۔ اس خوبصورت تقریب میں  موسیقی کی محفل  سجی جس میں مقامی گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔تقریب میں نیویارک پولیس میں شامل  پاکستانی  نژاد امریکی افسران انسپکٹر عدیل رانا، ڈپٹی انسپکٹر مصبا ح نور سمیت  کمیونٹی کی سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات بھی شریک تھیں۔مقررین کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کوآپس میں متحد رہنے کی ضرورت  ہے اور ایک بار  گلگت بلتستان ضرور دیکھنا چاہیے۔

یوم ِ گلگت  بلتستان  کی تقریب میں  ثقافتی رقص  بھی ہوا  جس نے تقریب کی رونق کو چار چاند لگادیے۔تقریب میں  گلگت بلتستان میں مختلف پروجیکٹس  پر سرمایہ کاری کرنے والے  گریک کمیونٹی کے مسٹر ٹم،چترال سے تعلق رکھنے والی  پہلی خاتون کمرشل پائلٹ لکشن بی بی،معروف سوشل ورکر ثمینہ حیدر اور دیگر  نے بھی شرکت کی۔مقررین کا کہنا تھا کہ گلگت  بلتستان کی سرزمین صرف خوبصورتی ہی میں نہیں بلکہ قابل اور ذہین لوگ پیدا کرنے میں بھی بہت زرخیز ہے۔

اس موقع پر گلگت بلتستان کی سیاحت و  ثقافت کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مختصر ڈاکیومنٹری بھی دکھائی  گئی۔تقریب کے اختتام سے قبل سوہنی وطن گلگت بلتستان  نے نمایاں کاکردگی اور کمیونٹی سروسز پر مختلف شخصیات کو ایوارڈز اور تعریفی سند سے نوازا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.