بروکلین کی وفاقی عدالت نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال سے زائد قید کی سزا سنا دی ہے۔ محکمہ انصاف کے مطابق ملزم کے ایران سے مبینہ روابط تھے۔
عدالت نے آصف مرچنٹ کو 330 ماہ قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے پایا کہ ملزم نے امریکا میں کسی سیاستدان یا سرکاری عہدیدار کو قتل کرانے کے لیے کرائے کا قاتل ڈھونڈنے کی کوشش کی۔مرچنٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ اسے تہران میں اپنے اہلِ خانہ کو پاسداران انقلاب سے بچانے کے لیے سازش میں شامل ہونے پر مجبور کیا گیا، اور اسے یقین تھا کہ کسی کے مارے جانے سے پہلے وہ پکڑا جائے گا۔ اس کے مطابق اسے کسی مخصوص شخص کو مارنے کا حکم نہیں ملا، تاہم اس کے ایرانی رابطے نے ٹرمپ، جو بائیڈن اور نکی ہیلی کا ذکر کیا تھا۔ امریکی اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانچ کا کہنا ہے کہ سازش صدر ٹرمپ کے خلاف تھی اور محکمہ انصاف غیر ملکی دہشت گرد سازشوں کو برداشت نہیں کرے گا۔ مرچنٹ کو 12 جولائی 2024 کو ملک چھوڑنے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔