ریاض میں آٹھویں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس، محبتِ رسول ﷺ اور تعلیماتِ نبوی ﷺ کو اجاگر کیا گیا
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں انجمن محبان رحمۃ اللعالمین کے زیرِ اہتمام آٹھویں سالانہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفارتی افسران، مذہبی شخصیات اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مکتبہ دارالسلام کے ڈائریکٹر مولانا عبدالمالک مجاہد نے سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی انسانیت کے لیے کامل نمونہ ہے۔ آپ ﷺ نے محبت، اخوت، عدل، برداشت اور حسنِ اخلاق کا درس دیا، جس پر عمل کرکے معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔دیگر مقررین خالد اکرم رانا، عظمت بھٹہ، اقبال ودود، راشد محمود اور رانا عمر سمیت دیگر نے بھی سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر اظہار خیال کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ نبی کریم ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو عام کیا جائے۔مقررین نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا پیغام صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، امن، رواداری اور حسنِ کردار کا درس ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر امتِ مسلمہ اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی