نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے موسمِ سرما میں برف ہٹانے کیلئے ہنگامی کارکنوں کی بھرتی کا عمل شروع کرتے ہوئے اجرت میں نمایاں اضافہ کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق نئے سیزن میں برف ہٹانے والے کارکنوں کو فی گھنٹہ 30 ڈالر اجرت دی جائے گی، جبکہ ہفتے میں پہلے 40 گھنٹے مکمل کرنے کے بعد اجرت 45 ڈالر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔ گزشتہ سال یہ شرح 19.14 اور 28.71 ڈالر فی گھنٹہ تھی۔شہر میں گزشتہ موسمِ سرما کے دوران 7 ہزار 800 سے زائد افراد نے شدید برف باری، برفانی طوفان اور انتہائی سرد موسم میں خدمات انجام دینے کیلئے رجسٹریشن کرائی تھی۔ کارکنوں نے محکمہ صفائی کے عملے کے ساتھ مل کر تقریباً 1 لاکھ 35 ہزار سڑکیں، 34 ہزار بس اسٹاپ اور 29 ہزار فائر ہائیڈرنٹس صاف کیے۔نئے طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن پہلے شروع کردی گئی ہے، دسمبر میں چار گھنٹے کی بامعاوضہ تربیت دی جائے گی اور ملازمین کو کام شروع کرنے کے تقریباً دو ہفتے کے اندر ادائیگی کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال، امریکا میں قانونی طور پر کام کرنے کی اجازت اور سخت سرد موسم میں جسمانی مشقت کرنے کی صلاحیت ہونا ضروری ہے۔