نیویارک کے میئر زوہران ممدانی نے شہر کی سڑکوں کو محفوظ بنانے کیلئے ’’وژن زیرو ری امیجنڈ‘‘ کے نام سے 10 سالہ منصوبہ متعارف کرا دیا، جس میں ٹریفک حادثات اور اموات کم کرنے کیلئے 100 سے زائد اقدامات شامل ہیں۔
منصوبے میں 19 سرکاری اداروں اور شراکت داروں کو شامل کیا گیا ہے۔ اس کے تحت پیدل چلنے والوں کیلئے مخصوص اور ترجیحی علاقے بنانے، سیمیز لا کے دائرہ کار کو بڑھانے اور ہر سال کم از کم ایک ہزار چوراہوں کو مزید محفوظ بنانے کا منصوبہ ہے۔حکام کے مطابق خطرناک ڈرائیونگ کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی سخت کی جائے گی، جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا اور بار بار ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیورز کی نشاندہی کیلئے خودکار نظام استعمال کیا جائے گا۔ شہر میں ’’سپر اسپیڈر‘‘ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔منصوبے کے تحت مزید سیکڑوں اسکولوں کے قریب رفتار کی حد 15 میل فی گھنٹہ مقرر کرنے اور ایک ہزار چوراہوں پر حفاظتی رکاوٹیں یا دیگر حفاظتی اقدامات نصب کرنے کی بھی تجویز ہے۔ گاڑیوں کے بجائے پیدل چلنے، عوامی ٹرانسپورٹ، سائیکل اور مشترکہ سفری سہولیات کے استعمال کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ای بائیکس اور اسکوٹرز کیلئے بھی واضح حفاظتی ضابطہ متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ میئر کے مطابق شہر میں قانونی حد سے زیادہ رفتار رکھنے والی ای بائیکس کی فروخت روکنے کیلئے بعض خوردہ فروشوں کو قانونی نوٹس بھیجے جارہے ہیں۔