نیویارک سٹی کے میئر زوہران ممدانی نے رائیکرز آئی لینڈ جیل کمپلیکس کو مستقل طور پر بند کرنے کے منصوبے کے تحت نارتھ انفارمری کمانڈ کو مستقل طور پر بند کر دیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی جارج موچن ڈیٹینشن سینٹر اور اینا ایم کراس سینٹر کے بڑے حصے بھی محکمۂ اصلاحات سے محکمۂ سٹی وائیڈ ایڈمنسٹریٹو سروسز کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔میئر ممدانی نے کہا کہ رائیکرز آئی لینڈ کئی دہائیوں سے شہر کے عدالتی نظام کی ناکامی کی علامت رہا ہے اور اب شہر ایک زیادہ محفوظ، انسانی اور بحالی پر مبنی جیل نظام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ حکام کے مطابق نارتھ انفارمری کمانڈ 1932 میں قائم ہوئی تھی، جبکہ اینا ایم کراس سینٹر اور جارج موچن ڈیٹینشن سینٹر پہلے ہی قیدیوں سے خالی کیے جا چکے ہیں۔ یہ 2021 کے بعد پہلی بار ہے کہ رائیکرز کی مزید جائیدادیں محکمۂ سٹی وائیڈ ایڈمنسٹریٹو سروسز کے حوالے کی گئی ہیں۔شہری انتظامیہ کے مطابق اس اقدام سے مستقبل میں رائیکرز آئی لینڈ کے متبادل استعمال، عوامی منصوبوں اور جدید بورو بیسڈ جیل سسٹم کی تعمیر کی راہ ہموار ہوگی۔ شہر کا کہنا ہے کہ مقصد جیلوں کی تعداد کم کرتے ہوئے اصلاحی نظام کو زیادہ مؤثر، محفوظ اور انسانی بنانا ہے۔