vosa.tv
Voice of South Asia!

آرٹ تھراپی ذہنی صحت کے لیے کیسے فائدہ مند؟ نئی تحقیق میں پانچ اہم عوامل کی نشاندہی

0

کیا مصوری، مجسمہ سازی اور تخلیقی اظہار ذہنی صحت بہتر بنانے میں مددگار ہو سکتے ہیں؟ ایک نئی سائنسی تحقیق میں آرٹ تھراپی کے پانچ ایسے بنیادی طریقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے ذریعے انسان اپنے جذبات کا اظہار، ذہنی دباؤ سے نمٹنے اور دوسروں سے بہتر تعلق قائم کرنے میں مدد حاصل کر سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آرٹ تھراپی کو محض ایک تخلیقی مشغلے کے بجائے باقاعدہ علاج کے طریقے کے طور پر سمجھنا ضروری ہے۔

الفاظ کے بغیر بھی جذبات کا اظہار ممکن،نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ آرٹ تھراپی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔سائنسی جریدے نیچر مینٹل ہیلتھ میں شائع ہونے والی تحقیق میں ماہرین نے آرٹ تھراپی کے پانچ بنیادی طریقوں کی نشاندہی کی ہے، جن کے ذریعے نفسیاتی تبدیلی اور ذہنی بہتری میں مدد مل سکتی ہے۔

تحقیق کے مطابق پہلا طریقہ تخلیقی خود اظہار ہے، جس کے ذریعے افراد اپنے اندرونی احساسات اور خیالات کو فن کے ذریعے بیان کر سکتے ہیں۔دوسرا طریقہ مجسمہ سازی اور دیگر عملی تخلیقی سرگرمیاں ہیں، جبکہ تیسرا طریقہ جذبات اور خیالات کو فن پاروں کی صورت میں ظاہر کرنا ہے۔چوتھا طریقہ علامتوں اور استعاروں کا استعمال ہے، جس کے ذریعے بعض اوقات ایسے احساسات بھی سامنے آ سکتے ہیں جنہیں الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہوتا ہے۔

پانچواں اہم عنصر دوسروں کے ساتھ باہمی تعلق اور روابط کا فروغ ہے، جو آرٹ تھراپی کے دوران مشترکہ تخلیقی سرگرمیوں اور گفتگو کے ذریعے سامنے آ سکتا ہے۔محققین کا کہنا ہے کہ آرٹ تھراپی کو اکثر عام مصوری، ڈرائنگ اور ذہنی سکون کے لیے اختیار کیے جانے والے مشاغل کے برابر سمجھ لیا جاتا ہے، حالانکہ پیشہ ورانہ آرٹ تھراپی ایک باقاعدہ علاج کا طریقہ ہے۔

تحقیق میں پیش کیا گیا نیا فریم ورک اس فرق کو واضح کرنے کے ساتھ یہ سمجھنے میں بھی مدد دے گا کہ تخلیقی سرگرمیاں ذہنی صحت پر کس طرح اثر انداز ہوتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.