نیویارک میں احتجاجی خدشات، میئر کی پریس کانفرنس
نیویارک(یب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے شہر میں ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے تناظر میں سیکیورٹی اقدامات سے متعلق پریس کانفرنس کی۔ کہا پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے لیکن اگر کسی نے تشدد، توڑ پھوڑ یا ٹریفک میں رکاوٹ ڈالی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد ممکنہ احتجاجی مظاہروں کے پیشِ نظر، شہر بھر میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ کمشنر جیسیکا ٹِش نے یقین دہانی کروائی کہ این وائی پی ڈی وفاقی اور مقامی اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے تاکہ پانچوں بورو میں عوامی تحفظ یقینی بنایا جا سکے، خصوصاً مذہبی اور سفارتی مقامات کی حفاظت پر خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے لیکن اگر کسی نے تشدد، توڑ پھوڑ یا ٹریفک میں رکاوٹ ڈالی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ باہر سے آنے والے اشتعال انگیز عناصر حالات کو خراب کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں، جس کے لیے سیکیورٹی کو پہلے سے مزید الرٹ کر دیا گیا ہے۔ کمشنر جیسیکا ٹِش نے تصدیق کی کہ ہزاروں افسران تعینات کیے جا چکے ہیں اور تمام کارروائیوں کی نگرانی جوائنٹ آپریشنز سینٹر سے کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو لوگ پرامن احتجاج کریں گے اُن کی حفاظت کی جائے گی لیکن قانون شکنی پر فوراً گرفت ہوگی۔ ساتھ ہی حساس مقامات پر اضافی گشت بھی شروع کر دی گئی ہے۔ حکام نے بتایا کہ وفاقی اداروں سے معلومات کا تبادلہ، آن لائن خطرات کی نگرانی، اور پولیس کی مظاہروں سے نمٹنے کی نئی پالیسیوں پر عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ اصلاحات اور تربیت کے بعد ہر احتجاج کی نگرانی میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہری آزادی اور قانون کی پاسداری دونوں برقرار رہیں۔