ایڈمز کا ایمپائر ونڈ 1 کی تعمیر میں پیش رفت پر خوشی کا اظہار
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے وفاقی حکومت کی جانب سے ایمپائر ونڈ 1 منصوبے پر عائد اسٹاپ ورک آرڈر ختم کیے جانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔
یہ فیصلہ ایڈمز انتظامیہ کی جانب سے جاری بھرپور مہم، درجنوں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت، سرکاری خطوط اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں براہ راست ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ منصوبہ ساؤتھ بروکلین میرین ٹرمینل سے مکمل کیا جائے گا جہاں سٹی حکومت 160 ملین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کرے گی۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف نیویارک سٹی بلکہ پورے ملک میں ہزاروں ملازمتیں پیدا کرے گاا۔ ایمپائر ونڈ 1 کی تکمیل کے بعد 5 لاکھ سے زائد گھروں کو توانائی فراہم کی جا سکے گی۔ ایڈمز نے صدر ٹرمپ اور سیکریٹری ڈگ برگم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی اور شہری حکومتیں مل کر نتائج دے سکتی ہیں۔ منصوبے کی بندش کے فوری بعد ایڈمز انتظامیہ نے نیویارک سٹی اور لانگ آئی لینڈ کے کانگریس اراکین سمیت 60 سے زائد متعلقہ اداروں اور شخصیات سے مشاورت کی۔ اپریل کے آخر میں سٹی ہال میں Equinor کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کی گئی ساتھ ہی مئی میں ایڈمز نے صدر ٹرمپ سے دوبارہ ملاقات کرکے منصوبے کی اہمیت واضح کی۔ انتظامیہ نے وفاقی محکموں اور متعلقہ مزدور یونینوں سے بھی مسلسل رابطے میں رہ کر منصوبے کی بحالی کی کوششیں جاری رکھیں۔ حکام کے مطابق، منصوبہ نہ صرف مقامی معیشت بلکہ ملکی سطح پر توانائی کی پیداوار، روزگار اور سپلائی چین میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔