vosa.tv
Voice of South Asia!

نیو جرسی میں سینئر لیڈرشپ ایوارڈ  کی تقریب ،  امتیاز احمد سید کی خدمات کو خراجِ تحسین

0

نیو جرسی میں بزرگ افراد کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں معروف سماجی شخصیت امتیاز احمد سید کو سینئر لیڈرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ پہلا موقع ہے کہ کسی پاکستانی شخصیت کو اس اہم تقریب میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں اس اعزاز سے نوازا گیا۔

نیو جرسی میں بزرگ افراد کی خدمات کے اعتراف میں  Hudson County Department of Aging and Veterans Affairs کے زیر اہتمام ایک باوقار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف سماجی و کمیونٹی شخصیت امتیاز احمد سید کو سینئر لیڈرشپ ایوارڈ سے نوازا گیا۔یہ ایک تاریخی موقع تھا، کیونکہ پہلی بار کسی پاکستانی شخصیت کو اس اہم تقریب میں نہ صرف مدعو کیا گیا بلکہ بزرگوں اور کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات کے اعتراف میں اس اعلیٰ سطح کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔ تقریب کا مرکزی پیغام بہترین قیادت، حوصلہ افزائی اور مل جل کر مضبوط جرسی سٹی بنانا تھا، جس میں اتحاد، مثبت سوچ اور کمیونٹی کی خدمت کے جذبے کو نمایاں کیا گیا۔تقریب کا مقصد بزرگ افراد اور کمیونٹی کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو خراجِ تحسین پیش کرنا تھا۔اس موقع پر نیوجرسی کی معروف شخصیت نک سلیم بھی موجود تھے، جبکہ امتیاز سید کے اہل خانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اس اعزاز کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔ امتیاز سید 1970 میں امریکہ آئے تھے اور اس کے بعد سے نیو جرسی میں مقیم ہیں۔ انہیں اس سے قبل بھی مختلف سماجی اور کمیونٹی خدمات پر متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔اس موقع پر کاؤنٹی ایگزیکٹیو اور کانگریس مین سمیت ہڈسن کاؤنٹی کے دیگر آفیشلز نے امتیاز اے سید کی سماجی خدمات، کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی انتھک محنت، اور قیادت کی صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے امتیاز احمد سید کی خدمات کو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا اور کہا کہ  ان کی شخصیت نہ صرف قیادت بلکہ خدمتِ خلق، اخلاص اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ تقریب میں امتیاز اے سید کی دہائیوں پر محیط سماجی، فلاحی اور کمیونٹی خدمات کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور ان کے نام کے اعلان پر ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔بعد ازاں انہیں سینئر لیڈرشپ ایوارڈ پیش کیا گیا۔تقریب میں  کمیونٹی رہنماؤں اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے امتیاز سید کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.