نیو یارک میں مسلم نوجوانوں کے رشتوں کے لیے خصوصی پروگرام کا انعقاد
مسلم بہاریز آف امریکہ کے زیر اہتمام نیویارک میں مسلم تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لیے ایک میٹریمورنیل پروگرام منعقد ہوا، جس میں امریکہ بھر سے آئے لڑکے اور لڑکیوں نے شرکت کی۔شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے کمیونٹی کے لیے ایک مثبت قدم قرار دیا۔
نیو یارک کے علاقے لانگ آئی لینڈمیں ہر سال کی طرح اس سال بھی مسلم نوجوانوں کے لیے ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا، جس کا مقصد تعلیم یافتہ لڑکے اور لڑکیوں کو رشتوں کی تلاش کے سلسلے میں ایک باوقار پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا۔ یہ پروگرام مسلم بہاریز آف امریکہ کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا، جس میں امریکہ سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے مسلم نوجوانوں نے شرکت کی۔تقریب میں نوجوانوں کو ایک دوسرے سے ملاقات اور تبادلہ خیال کا موقع دیا گیا تاکہ وہ اپنی زندگی کے اہم فیصلے کے لیے بہتر طور پر ایک دوسرے کو جان سکیں۔پروگرام کے بانی اور منتظم، مسلم بہاریز آف امریکہ کے سربراہ عدنان بخاری نے اس موقع پر وائس آف سا ؤتھ ایشیا سے گفتگو میں کہا کہ اس طرح کے پروگرام نہ صرف نوجوانوں کو بہتر ہمسفر تلاش کرنے میں مدد دیتے ہیں بلکہ کمیونٹی کے اندر ایک مثبت رجحان بھی پیدا کرتے ہیں۔ تقریب کے دیگر منتظمین میں کمیونٹی میں اپنی منفرد پہچان رکھنے والی فرخندہ سلطانہ المعروف شیما آنٹی بھی شامل تھیں۔ تقریب میں ممتاز کمیونٹی ایکٹوسٹ سعید حسن نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اس کی کامیابی پر منتظمین کو مبارکباد دی۔ پروگرام کے دوران کیلی فورنیا سے آئے ہوئے علی بابا نے ایک خصوصی پریزینٹیشن دی، جس میں انہوں نے اپنی میچ میکنگ ایپ کے بارے میں شرکاء کو تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ان کی ایپ کا مقصد بھی مسلم نوجوانوں کو محفوظ اور اسلامی اقدار کے مطابق جوڑنے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔شرکاء کی جانب سے اس پروگرام کو خوب سراہا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام جاری رہیں گے تاکہ مسلم کمیونٹی میں مثبت روابط اور بہتر ازدواجی فیصلوں کو فروغ دیا جا سکے۔