ایڈمز کا 500 گروسری اسٹورز میں پینک بٹن نصب کرنے کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے شہر کے تقریباً 500 گروسری اسٹورز میں سائلنٹ شیلڈز نامی پینک بٹن نصب کرنے کے لیے 1.6 ملین ڈالر کی فنڈنگ کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایڈمز کے مطابق، یہ بٹن اُن گروسری اسٹور میں لگائے جائیں گے جہاں جرائم کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ ان بٹنوں کے ذریعے گروسری اسٹور کے ملازمین ایمرجنسی کی صورت میں براہِ راست پولیس سے رابطہ کر سکیں گے۔ بٹن دبانے پر دکان کے کیمروں کی فوٹیج فوری طور پر NYPD کو موصول ہو جائے گی، جس سے پولیس جرائم کو براہ راست دیکھ کر فوری کارروائی کر سکے گی۔ یہ اقدام یونائیٹڈ بوریگا ایسوسی ایشن (UBA) کو ایک ایمرجنسی گرانٹ کے ذریعے ممکن بنایا گیا ہے اور گروسری اسٹور کے ملازمین کی حفاظت اور صارفین کی جان بچانے کے لیے اسے گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد گروسری اسٹور کو درپیش خطرات کا فوری اور مؤثر حل فراہم کرنا ہے اور یہ گزشتہ سال شروع کیے گئے ایک اور پروگرام کے ساتھ مربوط ہوگا جس کے تحت مقامی کاروبار رضاکارانہ طور پر پولیس کے ساتھ کیمرہ فوٹیج شیئر کرتے ہیں۔ میئر ایڈمز نے اس اعلان کو بیسٹ بجٹ ایور کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام گروسری اسٹورکے تحفظ کے لیے ہماری سنجیدگی ظاہر کرتا ہے۔ NYPD کمشنر جیسیکا ٹِش نے اسے اسمارٹ پالشنگ کی بہترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ نظام تیزی، درستگی اور کمیونٹی پر اعتماد پر مبنی ہے۔UBA کے ترجمان فرنینڈو میٹیو اور صدر ردھامیس روڈریگیز نے میئر کے فوری ردِعمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ گروسری اسٹور ورکرز کی جانیں بچانے اور ان کا اعتماد بحال کرنے میں مددگار ہوگا۔ یہ اعلان میئر ایڈمز کی بجٹ ویک مہم کا حصہ ہے،جس میں شہر کو محفوظ، سستا اور خاندانوں کے لیے موزوں بنانے کے لیے متعدد منصوبے متعارف کروائے گئے ہیں جس میں رہائش، اسکول، جرائم پر قابو پانے، اور پولیس فورس کو 2026 تک 35,000 افسران تک پہنچانے کے اہداف شامل ہیں۔