vosa.tv
Voice of South Asia!

ڈاکٹر سبیل احمد کی مؤثر دعوتی گفتگو سے متاثر ہو کر غیر مسلم خاتون نے اسلام قبول کر لیا

0

اسلامی سرکل آف نارتھ امریکہ کے دعوتی شعبے گین پیس کے زیر اہتمام دارالقرآن سینٹر کی مسجد میں منعقدہ اوپن ڈور دعوۃ پروگرام میں  غیر مسلم امریکی خاتون نے ڈاکٹر سبیل احمد کی مؤثر اور مدلل گفتگو سے متاثر ہو کر رضاکارانہ طور پر اسلام قبول کر لیا۔ نیو یارک کے علاقے لانگ آئی لینڈمیں واقع دارالقرآن سینٹر کی خوبصورت مسجد میں اسلامی سرکل آف نارتھ امریکہ کے دعوتی شعبے گین پیس کے زیرِ اہتمام ایک بامقصد اور پر اثر اوپن ڈور دعوۃ پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس روحانی اجتماع میں نہ صرف مسلم کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی، بلکہ مقامی غیر مسلم افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کرکے بین المذاہب ہم آہنگی اور افہام و تفہیم کی ایک شاندار مثال قائم کی۔اس موقع پر گین پیس کے روح رواں، مایہ ناز اسکالر اور مبلغ، ڈاکٹر سبیل احمد نے انتہائی مدلل اور مؤثر انداز میں اسلام کے بنیادی عقائد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے توحید کی اہمیت بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ “اسلام واحد دین ہے جو انسانیت کو صرف ایک اللہ کی عبادت کی طرف بلاتا ہے۔ شرک، یعنی اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا، اسلام میں سب سے بڑا گناہ ہے.انہون نے مزیدکہا کہ اسلام حضرت ابراہیم، حضرت موسیٰ، حضرت عیسیٰ علیہم السلام اور نبی آخر الزمان حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کا تسلسل ہے۔ ہم حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی عزت کرتے ہیں، ان کو اللہ کا نبی مانتے ہیں، لیکن انہیں خدا کا بیٹا تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے توحید کو تمام مذاہب کا مرکزی پیغام قرار دیا اور کہا کہ تمام انبیائے کرام ایک ہی مشن لے کر آئے تھے اوروہ تھا  اللہ کی وحدانیت کی دعوت۔پروگرام کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی رکھا گیا، جس میں شرکاء نے کھل کر سوالات کیے، جن کا ڈاکٹر سبیل احمد نے نہایت تحمل اور حکمت سے جواب دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چاہے کوئی ہماری دعوت قبول کرے یا نہ کرے، ہمیں ایک دوسرے سے میل جول رکھنا چاہیے اور ایک دوسرے کے مذاہب کو سمجھنے کی کوشش کرتے رہنا چاہیے۔ان کی گفتگو کے دوران ماحول انتہائی پُرسکون اور توجہ طلب تھا، اور جیسے ہی پروگرام اپنے اختتام کے قریب پہنچا، ایک غیر مسلم خاتون اپنی نشست سے اٹھیں اور اعلان کیا کہ وہ اسلام قبول کرنا چاہتی ہیں۔ یہ لمحہ مسجد میں موجود ہر فرد کے لیے جذباتی اور ایمان افروز تھا۔ڈاکٹر سبیل احمد نے اعلان کرتے ہوئے کہا  کہ ہماری یہ بہن آج اپنی رضا و رغبت سے اسلام قبول کر رہی ہیں۔ اس لمحے ان کے تمام سابقہ گناہ مٹ چکے ہیں، اور یہ اللہ کے نزدیک سب سے پاکیزہ انسان ہیں۔اس اعلان کے بعد خواتین نے آگے بڑھ کر اس نومسلم بہن کو گلے لگایا، مبارکباد دی، اور اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سے آپ ہماری فیملی کا حصہ ہیں۔ پروگرام میں شریک چرچ سے آئی ایک خاتون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں چرچ سے آئی ہوں، لیکن میرا دل چاہتا ہے کہ ایسے پروگراموں کا سلسلہ جاری رہے۔ میں بھی آپ سب کو ہمارے چرچ آنے کی دعوت دیتی ہوں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.