ایڈمز کا اسکول پروگرام کے لیے 33 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور ڈیپارٹمنٹ آف یوتھ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ (DYCD) کے کمشنر کیتھ ہیوڈ نے نیویارک سٹی کے پبلک اسکول کے طلباء کے لیے "آفٹر اسکول فار آل” پروگرامز کو بڑھانے کے لیے 331 ملین ڈالر کی تاریخ ساز سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق، یہ منصوبہ مالی سال 2026 سے مرحلہ وار شروع ہوگا اور 2028 تک مکمل طور پر نافذ ہو جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت شہر کے تمام پبلک اسکولوں کے کے-جی سے آٹھویں جماعت تک کے طلبہ کے لیے "آفٹر اسکول فار آل” پروگرام کو وسعت دی جائے۔ اس نئی سرمایہ کاری کے نتیجے میں آئندہ تین تعلیمی سالوں میں 20 ہزار نئی نشستیں دستیاب ہوں گی، جس سے پروگرام سے مستفید ہونے والے بچوں کی کل تعداد 1 لاکھ 84 ہزار تک پہنچ جائے گی۔ یہ اقدام نہ صرف تعلیمی مواقع میں اضافہ کرے گا بلکہ والدین کے لیے بچوں کی دیکھ بھال کا بھروسہ مند حل بھی فراہم کرے گا۔ اس پروگرام پر سالانہ 755 ملین ڈالر خرچ کیے جائیں گے۔ متعدد سماجی تنظیموں نے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرمایہ کاری اسکول کے بعد کے پروگراموں میں معیار اور رسائی کو بہتر بنائے گی۔ ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام محض بچوں کی تعلیم کا حصہ نہیں بلکہ خاندانوں کی معاشی بہتری، سماجی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ماہرین تعلیم اور سماجی رہنماؤں نے سٹی کے اس اقدام کو ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف بچوں کی تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دے گا، بلکہ اس سے نان پرافٹ اداروں کو بھی معیاری سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔