مجھے کوئی نہیں روک سکتا،ٹرمپ کا ریلی سے خطاب
واشنگٹن(ویب ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی صدارت کے پہلے 100 دن مکمل ہونے پر ریاست مشی گن میں ایک انتخابی طرز کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے کوئی نہیں روک سکتا۔”
ٹرمپ نے یہ ریلی مشی گن کے شہر وارن میں کی جہاں تقریباً آدھی نشستیں خالی رہیں اور کئی افراد ان کا 89 منٹ طویل خطاب مکمل ہونے سے پہلے ہی روانہ ہوگئے۔ ٹرمپ نے اس موقع پر ایک ویڈیو بھی دکھائی جس میں وینزویلا کے تارکین وطن کو امریکہ سے بے دخل کر کے ال سلواڈور کی ایک بدنام جیل میں بھیجا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں ہالی ووڈ طرز کی موسیقی اور سخت مناظر شامل تھے، جن پر مجمعے نے زور دار تالیوں اور "یو ایس اے” کے نعروں سے ردعمل دیا۔ انہوں نے ڈیموکریٹس پر غیر قانونی امیگریشن کو فروغ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت "اجتماعی ملک بدری” پر کام کر رہی ہے۔ ٹرمپ نے 1798 کے "ایلین انیمیز ایکٹ” کا دفاع کیا جس کے تحت صدر دشمن ملکوں کے شہریوں کو فوری طور پر نکال سکتا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ان ججوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جنہوں نے ان کے کئی اقدامات کو روکا ہے۔ ریلی میں مختلف بینرز آویزاں تھے جن پر "امریکہ میں سرمایہ کاری”، "روزگار واپس”، اور "سنہری دور” جیسے نعرے درج تھے۔ اگرچہ ریاست میں بیروزگاری کی شرح تین ماہ سے مسلسل بڑھ رہی ہے پھر بھی ٹرمپ نے اس ریلی کو اپنے اقتدار کے "100 دن کی عظمت” قرار دیا ہے۔