ایڈمز کا 5 ارب ڈالر کی پیشگی ادائیگیاں دینے کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2026 میں شہر کی تاریخ میں پہلی بار غیر منافع بخش تنظیموں کو ریکارڈ سطح پر پیشگی ادائیگیاں دی جائیں گی، جن کی مالیت 5 ارب ڈالر سے زائد ہوگی۔
میئر ایرک ایڈمز کے مطابق یہ تنظیمیں شہر کے سب سے کمزور افراد جیسے بے گھر افراد، معمر شہریوں، معذور افراد اور عدالتی عمل سے گزرنے والوں کے لیے اہم خدمات فراہم کرتی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد اداروں کو مالی استحکام دینا ہے تاکہ وہ وقت پر اپنی خدمات جاری رکھ سکیں۔ میئر ایڈمز نے کہا کہ یہ تنظیمیں شہر کی سماجی بنیاد کا اہم ستون ہیں جو روزانہ بے سہاروں کی مدد کرتی ہیں مگر اکثر انہیں اپنے واجبات کے لیے انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اسی تناظر میں، شہر اب مالی سال کے آغاز پر تاریخ کی سب سے بڑی پیشگی ادائیگی کرے گا تاکہ یہ ادارے بغیر رکاوٹ کے خدمات جاری رکھ سکیں اور ملازمین کو وقت پر تنخواہیں دے سکیں۔ میئر کے دفتر برائے نان پرافٹ سروسز نے "کانٹریکٹ اسٹیٹ” کے اپ ڈیٹ شدہ ورژن کا بھی آغاز کیا ہے جو ڈیٹا کی بنیاد پر کارکردگی کی تحقیق کرنے والا نیا نظام ہے۔ ساتھ ہی شہر نے حالیہ مہینوں میں پرانے کنٹریکٹس کی ادائیگی کا بھی آغاز کیا ہے، جس کے نتیجے میں 700 ملین ڈالر کی رکی ہوئی ادائیگیاں جاری کی گئیں۔ اس اقدام کو متعدد غیر منافع بخش تنظیموں نے خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ فیصلہ خدمات کی تسلسل کو یقینی بنائے گا اور عملے کو بروقت تنخواہیں ادا کرنے میں مدد کرے گا۔ تنظیموں نے اسے دیرینہ مالی مسائل کے حل کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔