شکاگو میں اے ایس انٹرٹینمنٹ کا عالمی مشاعرہ، پاکستان اور بھارت کے نامور شعراء کی شرکت
شکاگو: اے ایس انٹرٹینمنٹ شکاگو اور مقامی ادبی تنظیم کے اشتراک سے منعقدہ عالمی مشاعرے میں امریکا، پاکستان اور بھارت سمیت مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے معروف شعراء نے اپنا تازہ کلام پیش کیا، جسے حاضرین نے بھرپور داد سے سراہا۔
لنکن وُڈ کمیونٹی سینٹر میں منعقد ہونے والی اس ادبی تقریب میں بڑی تعداد میں ادب دوست شخصیات نے شرکت کی۔ محفل کا آغاز محمد اسماعیل صدیقی کی تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔تقریب کے پہلے حصے میں حکومت پاکستان کی جانب سے حال ہی میں نعت کے شعبے میں سیرت ایوارڈ حاصل کرنے والے معروف شاعر عابد رشید کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر عابد رشید سمیت مختلف شعراء نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جبکہ اس حصے کی نظامت شگفتہ حسین نے کی۔ پروگرام کے منتظم آصف سلیم نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا، جبکہ مہمانِ اعزازی ڈاکٹر غلام مرتضیٰ آرائیں نے بھی اظہارِ خیال کیا۔بعد ازاں مشاعرے کا آغاز ہوا، جس میں شکاگو کے مقامی شعراء عابد رشید، طاہرہ ردا، غلام مصطفیٰ انجم اور دیگر نے اپنا کلام پیش کیا۔ اس حصے کی نظامت سید ثروت ضحیٰ نے انجام دی۔پاکستان سے تشریف لانے والے شعراء ناصرہ زبیر، امبرین حسیب اور عمار اقبال، جبکہ بھارت سے آنے والے تنویر غازی، خوشبیر شاد اور منظر بھوپالی نے بھی اپنے کلام سے محفل کو یادگار بنا دیا۔ شعراء کی پیشکش پر ہال میں موجود سامعین نے خوب داد دی اور ہر شعر کو بھرپور پذیرائی ملی۔اے ایس انٹرٹینمنٹ شکاگو اس سے قبل بھی شکاگو لینڈ میں عالمی مشاعروں کا انعقاد کرتا رہا ہے۔ منتظمین اور ادبی تنظیم کے عہدیداران نے تمام مہمانوں، شعراء اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے آئندہ بھی ایسی تقریبات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا۔