نارتھ ٹیکساس اسلامک کونسل کا اجلاس، نفرت و تعصب کے خلاف 60 سے زائد تنظیموں کا اتحاد
نارتھ ٹیکساس اسلامک کونسل زیرِاہتمام اسلامک سینٹر آف فرسکو (آئی سی ایف)میں اجلاس منعقد ہوا جس میں60 سے زائد تنظیموں نے بھرپور شرکت کی،اجلاس میں مساجد، اسلامی اسکول، فلاحی ادارے، اور شہری و بین المذاہب رہنما شامل تھے۔
اسلامی اتحاد اور باہمی تعاون کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے نارتھ ٹیکساس اسلامک کونسل نے اسلامک سینٹر آف فرسکو (آئی سی ایف) میں ایک غیرمعمولی اجلاس منعقدکیا، جس میں 60 سے زائد تنظیموں نے شرکت کی۔ اس اجلاس میں مساجد، اسلامی اسکولز، فلاحی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی اور بین المذاہب راہنما بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ہماری کمیونٹی کی اصل طاقت باہمی تعاون اور ہم آہنگی میں پوشیدہ ہے۔ نارتھ ٹیکساس اسلامک کونسل نے اپنے پیغام میں اُن تمام مساجد، اداروں اور افراد کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعلان کیا جنہیں نفرت، تعصب اور امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان حملوں سے ہمیں تقسیم نہیں کیا جا سکتا۔ ہم متحد ہو کر جھوٹ کا مقابلہ سچ سے، اور جہالت کا مقابلہ وقار، یکجہتی اور علم سے کریں گے۔شرکاء نے نارتھ ٹیکساس اسلامک کونسل کے اس اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر ایک مثبت، مضبوط اور باوقار معاشرہ تشکیل دیں گے۔