ریاض: غزل نائٹ، غلام عباس خان نے سحر طاری کردیا
سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے غزل نائٹ کا اہتمام کیا گیا،جہاں معروف پلے بیک سنگر غلام عباس خان نے اپنی جادوئی آواز سے محفل کو سحر زدہ کر دیا غزل نائٹ تقریب فہیم گلستان ملک کی میزبانی میں منعقد ہوئی، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
غلام عباس خان نے اپنے مشہور گیتوں اور غزلوں کی پیشکش سے حاضرین کو مسحور کر دیا محفل میں پاکستانی ثقافت کی جھلک دیکھنے کو ملی، جس نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو اپنے وطن کی یاد دلانے کا کام کیا غلام عباس خان کی آواز نے نہ صرف حاضرین کے دلوں کو چھو لیا بلکہ محفل میں ایک خاص جوش و خروش بھی پیدا کیا تقریب میں شریک افراد نے اسے ایک یادگار شام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایونٹ انہیں اپنی ثقافت کی خوبصورتی کا احساس دلانے میں کامیاب رہا۔ سامعین نے کہاغلام عباس خان کی آواز نے ہمیں پاکستان کی یاد دلادی، یہ بالکل ایسا ہی تھا جیسے ہم کراچی یا لاہور کے کسی مشاعرے میں بیٹھے ہوں۔یہ تقریب پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے درمیان اتحاد اور یگانگت کا پیغام بھی لے کر آئی۔ غزل نائٹ کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس کامیاب تقریب کے انعقاد پر میزبانوں کا شکریہ ادا کیا۔