vosa.tv
Voice of South Asia!

شکاگو:چائے میلہ، دنیا بھر کی چائے کی خوشبوؤں سے شہرمہک اٹھا

0

شکاگو(رپورٹ:خلیل اللہ )شکاگو کے لارنس ایونیو پر چائے سے محبت کرنے والوں کے لیے ایک منفرد اور دلچسپ میلہ سجایا گیا۔جہاں دنیا بھر کی ثقافتوں اور ذائقوں کی چائے نے شرکاء کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

شکاگو کے لارنس ایونیو پر 12 اور 13 اپریل کو منعقد ہونے والا شکاگو ٹی فیسٹیول ایک رنگا رنگ، معلوماتی اور ذائقوں سے بھرپور میلہ ثابت ہوا۔ ایونٹ میں 35 سے زائد ممالک اور کمیونٹیز نے شرکت کی، جس کا مقصد دنیا بھر کی چائے کی ثقافت، روایات اور ذائقوں کو اجاگر کرنا تھا۔ فیسٹیول میں تقریباً 40 بوتھز قائم کیے گئے تھے، جن پر مختلف اقسام کی چائے، پیسٹری، کنفیکشنری، دستکاری برتن، چائے کے برتن، کیتلیاں، اور چائے سے متعلق کتابیں اور لٹریچر موجود تھا۔

منتظمین نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ہمارا دوسرا ایونٹ ہے، اور ہمارا مشن چائے کے شائقین کے لیے ایک عمیق اور تعلیمی تجربہ فراہم کرنا، کمیونٹی کے احساس کو فروغ دینا، اور چائے کی مختلف شکلوں اور روایات کا جشن منانا ہے۔شرکاء کو مختلف چائے کے گرم اور ٹھنڈے مفت نمونے بھی پیش کیے گئے، جن میں جاپان، چین، پاکستان، بھارت، تنزانیہ اور زنزیبار کی چائے شامل تھی۔چائے سے محبت رکھنے والے افراد، سپلائرز، خریدار، اور تجسس رکھنے والے شائقین اس منفرد تقریب میں بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔

 جاپانی چائے اور ثقافت پر ایک خصوصی نمائش نے سب کی توجہ حاصل کی، جب کہ چائے کی ورکشاپس، لیکچرز اور انفیوژن ٹیسٹنگ نے حاضرین کو علم اور ذائقے دونوں سے مالا مال کیا۔اگرچہ ہجوم کے باعث کچھ مہمانوں کو دکانداروں سے تفصیل سے بات چیت کرنے میں مشکل پیش آئی، مگر مجموعی طور پر یہ ایونٹ ایک کامیاب، معلوماتی، اور یادگار تجربہ ثابت ہوا۔شرکاء نے منتظمین کو شاندار انتظامات پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ چائے کا یہ تہوار آئندہ برس بھی اسی جوش و جذبے سے منعقد کیا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.