نوے فیصد پاکستانی عمران خان کے ساتھ ہیں، عارف علوی
نیویارک (بیورو رپورٹ)پاکستان تحریکِ انصاف نیویارک چیپٹر کے زیرِ اہتمام سابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے اعزاز میں ایک شاندار استقبالیہ اور عشائیہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی، پارٹی کارکنان اور سرکردہ رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔نیو یارک کے مقامی ریسٹورنٹ میں سابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کی میزبانی چیف کوآرڈینیٹر امجد نواز، سینئیر رہنما خورشید احمد بھلی اور ظفر چیمہ نے کی جبکہ دیگر اہم منتظمین میں اکرم اعوان، ثمینہ حیدر، چوہدری قیوم، حسام شکیل، ندیم یوسف، راجہ اشتیاق اور عمران قاضی شامل تھے۔ تقریب کے مہمان خصوصی سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، سابق مشیر وزیراعظم ڈاکٹر شہباز گل، اور اوورسیز چیپٹر کے سیکریٹری سجاد برکی تھے۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد بارگاہ رسالت میں گل ہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ تقریب کی نظامت کے فرائض خورشید بھلی نے ادا کئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی نیو یارک چیپٹر کے چیف کوآرڈینیٹر امجد نواز کا کہنا تھا کہ 2018 میں ڈاکٹر عارف علوی کی انتھک کوششوں کی وجہ سے عمران خان کی حکومت بنی ، اور نہ صرف یہ بلکہ زیرک طریقے سے صدر مملکت کے فرائض کے ساتھ ساتھ پارٹی کے وقار کو بھی سپورٹ کیا۔اس موقع پر پی ٹی آئی ورجینیا کے صدر منیر کھٹانہ کاکہنا تھا کہ ہمارے لیڈرز طویل عرصے جیل میں موجود ہیں جنکے لئے سنتےرہتے ہیں کہ ڈیل ہو رہی ہے یا جلد جائے گی لیکن ہمارا لیڈرکبھی ڈیل نہیں کرےگا۔پی ٹی آئی کے سینئیر رہنما ظفر چیمہ نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے دنیا بھر میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے پیغام کو پہنچانے کے لئے قاسم سور ی اورشہباز گل کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسوقت نوے فیصد پاکستانی قوم عمران خان کے ساتھ ہے، پورے برصغیر میں تاریخ میں اتنی خواتین کبھی سیاست میں نہیں نکلیں جتنی تحریک انصاف کے ساتھ نکلیں ہیں۔
شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئے سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری کا کہنا تھا 2018 کے بعد عارف علوی اورعمران خان نے دنیا میں پاکستانیوں کو جو مقام دیا وہ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے باعث فخر تھا ۔اس موقع پر سابق مشیر وزیراعظم ڈاکٹر شہباز گل نے شرکاء سے مخاطب ہوتے ہوئےکہا کہ بہت سے کام ایسے ہیں جو نظر نہیں آتےلیکن تحریک انصاف کے لئے اوورسیز کی سطح پر کام چل رہا ہے ۔تقریب میں شریک دیگر مقررین نے بھی پارٹی کے وژن، پاکستان کی موجودہ سیاسی صورت حال اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر اظہارِ خیال کیا۔
مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان تحریکِ انصاف ایک تحریک ہے جو ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں سے تواضع کی گئی جبکہ شرکاء نے قیادت کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔