اپ اسٹیٹ نیویارک میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، طیارے میں چھ افراد سوار تھے
نیویارک(ویب ڈیسک) اپ اسٹیٹ نیویارک کے علاقے کوپیک میں ہفتے کے روز دوپہر کے وقت ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ وفاقی ہوا بازی انتظامیہ کے مطابق، طیارے میں چھ افراد سوار تھے۔
حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ Mitsubishi MU-2B نامی دو انجنوں والا ٹربوپراپ طیارہ تھا جو کولمبیا کاؤنٹی ایئرپورٹ، ہڈسن نیویارک کی جانب جا رہا تھا۔ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر کوپیک کے قریب ایک کھیت میں پیش آیا۔کوپیک، نیویارک کے دارالحکومت البانی سے تقریباً 50 میل جنوب میں واقع ہے اور میساچوسٹس کی سرحد کے قریب ہے۔ کولمبیا کاؤنٹی شیرف آفس نے تاحال مرنے یا زخمی ہونے والوں کی تعداد یا ان کی شناخت کے حوالے سے کوئی معلومات جاری نہیں کیں۔ انڈر شیرف جیکیولین سالویٹور کے مطابق، کھیت میں کیچڑ اور نرم زمین کی وجہ سے امدادی ٹیموں کو جائے حادثہ تک رسائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک گو-ٹیم روانہ کر دی ہے۔