واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ نے اسٹوڈنٹ ویزا کے لیے درخواستیں دینے والے افراد کی چھان بین مزید سخت کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیل پر تنقید کرنے والے غیر ملکی طالب علموں کے لیے ویزے کا حصول مشکل بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ مارکو روبیو نے بیرون ملک امریکی سفارت کاروں کو حکم دیا ہے کہ وہ اسٹوڈنٹ اور دیگر اقسام کے ویزوں کے لیے درخواست دینے والوں کے سوشل میڈیا مواد کی چھان بین کریں، سفارتی مشنز کو ہدایات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ویزا درخواست دینے والوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ چیک ہوں گے۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرنے والوں کو امریکا میں داخلے سے روکنا ہے۔