نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ وہ ریٹیل چوری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کام کریں گے تاکہ کاروباری افراد بغیر کسی خطرے کے اپنا کام جاری رکھ سکیں۔
میئر ایرک ایڈمز نے حال ہی میں ٹاؤن ہال میں ایک کہانی شیئر کی، جس میں ایک شخص کی جدوجہد کو اجاگر کیا گیا جس نے اپنے چار بچوں کے ساتھ بے گھر ہونے کے بعد ہاؤسنگ ووچر حاصل کیا، لیکن ریٹیل چوری کی وجہ سے اپنی نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھا اور فیملی کی کفالت کرنے میں ناکام رہا۔ ایڈمز نے ریٹیل چوری کے اثرات کو صرف انفرادی سطح تک محدود نہیں رکھا بلکہ پورے کمیونٹی پر اس کے اثرات پر بھی بات کی، خاص طور پر دوکان کی معطلی سے ملازمین، گاہکوں اور علاقے پر پڑنے والے اثرات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے اس جرم کو بے ضرر سمجھنے والوں کو چیلنج کیا اور اس کے وسیع اثرات کو سمجھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ایڈمز انتظامیہ کے تحت ریٹیل چوری میں 8.2 فیصد کمی آئی ہے، لیکن انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر مزید کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قانونی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بار بار جرم کرنے والوں کو سزا نہ ملنے کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے قوانین میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ ایڈمز نے کاروباروں کا دورہ کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور اس مسئلے کا حقیقت پسندانہ حل تلاش کرنے کی کوشش کی۔ میئر نے مزید کہا شہر کی بحالی میں کاروباروں کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریٹیل چوری کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کام کریں گے تاکہ کاروبار بغیر کسی خطرے کے اپنے کام جاری رکھ سکیں۔