vosa.tv
Voice of South Asia!

ایڈمز کا مفت تیراکی پروگرام میں توسیع کا اعلان

0

نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے پارکس کمشنر سو ڈونوہو کے ہمراہ مفت تیراکی پروگرام میں توسیع کرنے کے لیے 5.5 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

میئر نے کہا اس اقدام کا مقصد پانی میں حفاظتی اقدامات کو فروغ دینا اور کم مراعات یافتہ کمیونٹیز کے طلباء کو مزید مواقع فراہم کرنا ہے۔ توسیعی منصوبے کے تحت مزید 4,800 دوسرے گریڈ کے طلباء شامل کیے جائیں گے، جس سے مجموعی طور پر 18,000 طلباء مستفید ہوں گے۔ میئر ایڈمز کے مطابق، یہ پروگرام نہ صرف حفاظتی اقدام ہے بلکہ بچوں کو نیویارک کے ساحلوں اور تالابوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے قابل بھی بنائے گا۔ مالی سال 2024 میں نیویارک سٹی پارکس نے 13,000 سے زائد بچوں کو مفت تیراکی کی تربیت فراہم کی، جس سے خاندانوں کو سالانہ سینکڑوں ڈالر کی بچت ہوئی۔ اس توسیعی منصوبے کے تحت ہر تعلیمی سال میں تین سیشن موسم سرما، بہار اور خزاں میں منعقد کیے جائیں گے، جہاں خاص طور پر کم مراعات یافتہ علاقوں کے طلباء کو ترجیح دی جائے گی۔ یہ اقدام نیویارک سٹی کی عوامی تفریحی سہولیات کو بہتر بنانے کی ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔ شہر نے گزشتہ تین سالوں میں سات تالاب دوبارہ کھولے ہیں، جبکہ جون 2024 میں تمام پانچ بورو میں عوامی تالابوں کی بہتری کے لیے 1 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا گیا، جس میں بروکلین اور کوئنز میں دو نئے تالاب بھی شامل ہیں۔ نیویارک سٹی میں لائف گارڈز کی کمی کو دور کرنے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔ مئی 2024 میں ایک ثالثی فیصلے کے تحت شہر کو مزید لائف گارڈز بھرتی کرنے، تالابوں اور ساحلوں پر تیراکی کی سہولیات بڑھانے، اور کوالیفیکیشن کے معیار کو جدید بنانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی لائف گارڈز کی اجرت میں اضافہ کر کے 22 ڈالر فی گھنٹہ مقرر کیا گیا، جبکہ مستقل عملے کے لیے سالانہ 1,000 ڈالرکا بونس بھی متعارف کروایا گیا۔ یہ اقدامات نیویارک سٹی کو ایک محفوظ اور زیادہ قابلِ رسائی تفریحی شہر بنانے کے لیے ایڈمز انتظامیہ کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.