کوئنز: ٹوٹن پارک سے خاتون کی لاش برآمد
کوئنز (ویب ڈیسک) نیویارک کے علاقے کوئنز کے فورٹ ٹوٹن پارک میں ایک خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق ایک شہری نے صبح 11 بجے کے بعد 911 پر کال کے ذریعے اطلاع دی کہ پارک کے داخلی راستے کے قریب پانی کے کنارے چٹانوں کے پاس ایک لاش موجود ہے۔ پولیس موقع پر پہنچی جہاں تقریباً 40 سے 50 سالہ خاتون کی لاش پانی میں تیرتی ہوئی برآمد ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ کے قریب کھڑی ایک سفید مرسڈیز پر خون کے نشانات پائے گئے، جس کے بعد پولیس نے ممکنہ مجرمانہ سرگرمی کے زاویے سے تحقیقات شروع کر دیں۔ نگرانی کیمروں کی فوٹیج کا تجزیہ کیا جا رہا ہے، جبکہ عینی شاہدین سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ فورٹ ٹوٹن پارک ایک تاریخی فوجی علاقہ ہے، جہاں آرمی ریزرو، نیویارک پولیس اور فائر ڈیپارٹمنٹ کی تربیت ہوتی ہے، لیکن یہ عوام کے لیے بھی کھلا رہتا ہے۔ پولیس نے تاحال خاتون کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی کسی مخصوص جرم کی تصدیق کی ہے۔ خاتون کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میڈیکل ایگزامینر کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔