vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹیسلا املاک پر حملوں میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا اعلان

0

واشنگٹن(ویب ڈیسک) امریکہ کی اٹارنی جنرل پاملا بانڈی نے ٹیسلا کی املاک پر حملوں میں ملوث تین افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔

پاملا بانڈی نے واضح کیا کہ جرائم کے بغیر انجام کے دن ختم ہو چکے ہیں اور جو بھی ٹیسلا کی املاک کے خلاف پرتشدد حملوں میں ملوث ہوگا، اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ حالیہ رپورٹس کےمطابق ان افراد پر مولوتوف کاک ٹیلز کے ذریعے ٹیسلا کی گاڑیوں اور چارجنگ اسٹیشنز کو نذر آتش کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پہلا واقعہ سیلم اوریگن میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے AR-15 رائفل کے ساتھ مسلح ہو کر ٹیسلا ڈیلرشپ پر آٹھ سے زائد مولوتوف کاک ٹیلز پھینکے۔ دوسرا واقعہ لوولینڈ کولوراڈو میں پیش آیا، جہاں ملزم نے ٹیسلا گاڑیوں کو آگ لگانے کی کوشش کی اور اس کے قبضے سے آتش گیر مواد برآمد ہوا۔ تیسرا واقعہ چارلسٹن جنوبی کیرولائنا میں پیش آیا، جہاں ایک شخص نے ٹیسلا کے چارجنگ اسٹیشنز کے قریب صدر ٹرمپ کے خلاف نازیبا پیغامات لکھنے کے بعد مولوتوف کاک ٹیلز سے چارجنگ اسٹیشنز کو نذر آتش کیا۔ تینوں افراد پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں، جن کے تحت انہیں کم از کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ 20 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔ محکمہ انصاف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ٹیسلا کی املاک پر تشدد اور آتش زنی کے واقعات کو سختی سے روکا جائے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.