vosa.tv
Voice of South Asia!

امریکی شہری کا حکومت کے ساتھ دہائیوں تک فراڈ کرنے کا اعتراف

0

فلوریڈا(ویب ڈیسک) امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کے رہائشی ڈین روٹا نے امریکی حکومت کو دھوکہ دینے اور خفیہ سوئس بینک اکاؤنٹس میں لاکھوں ڈالر چھپانے کے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق، روٹا نے 1985 سے 2020 کے دوران پانچ مختلف سوئس بینکوں میں 20 ملین ڈالر سے زائد کی رقم چھپائی، جس میں یو بی ایس، کریڈٹ سوئس، بینک بونہوٹ، اور بینک جولیئس بیئر شامل ہیں۔ روٹا نے جھوٹی معلومات فراہم کرتے ہوئے امریکی شہری ہونے سے انکار کیا اور برازیل کی شہریت کا استعمال کرتے ہوئے خود کو برازیل کا رہائشی ظاہر کیا۔ 2008 میں جب یو بی ایس کے خلاف تحقیقات شروع ہوئیں تو روٹا نے اپنی رقم کریڈٹ سوئس اور بینک بونہوٹ میں منتقل کر دی۔ 2011 میں انٹرنل ریونیو سروس (IRS) نے ایک اکاؤنٹ کا سراغ لگایا، تو روٹا نے جعلسازی سے اس کا ملکیتی ریکارڈ اپنے ایک ساتھی برازیلین شہری کے نام کروا دیا، لیکن درحقیقت ان اکاؤنٹس پر کنٹرول برقرار رکھا۔ تحقیقات کے دوران، روٹا نے جھوٹے بیانات اور جعلی مالیاتی دستاویزات فراہم کیں، اور یہ ظاہر کیا کہ ان کے غیر ملکی اکاؤنٹس سے نکالی گئی رقوم غیر ملکی شہریوں کی طرف سے دیے گئے قرضے ہیں۔ انہوں نے آئی آر ایس کو جھوٹے پرومیسری نوٹس اور جعلی حلف نامے پیش کیے۔ ساتھ ہی روٹا نے جعلی قرضوں کی ادائیگی کا ڈرامہ رچایا تاکہ ٹیکس کا معاملہ ختم ہو سکے۔ 2019 میں جب آئی آر ایس نے مزید شواہد حاصل کیے تو روٹا نے خود کو مجرم ثابت ہونے سے بچانے کے لیے "والنٹری ڈسکلوژر پروگرام” میں شامل ہونے کی کوشش کی، مگر اس میں بھی جھوٹے بیانات دیے کہ زیادہ تر اثاثے ان کے نہیں بلکہ کسی اور کے تھے۔ روٹا کو 4 جون کو سزا سنائی جائے گی اور انہیں زیادہ سے زیادہ 5 سال قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔ یہ مقدمہ آئی آر ایس کرمنل انویسٹی گیشن یونٹ کے ماہرین اور محکمہ انصاف کی ٹیم کی تحقیقات کے نتیجے میں سامنے آیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.