میئر ایرک ایڈمز کا بڑا اقدام، نومولود بچوں کے لیے بیبی باکسز دینے کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز نے بیبی باکسز پروگرام کا اعلان کر دیا، جس کے تحت نومولود بچوں کے والدین کو ابتدائی ضروری اشیاء فراہم کی جائیں گی۔
میئر ایڈمز کے مطابق یہ اقدام والدین پر مالی دباؤ کم کرنے اور خاندانی معاونت کو فروغ دینے کے لیے متعارف کروایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا پروگرام کے لیے 26 لاکھ ڈالر مختص کیے گئے ہیں، اور یہ بکس چار سرکاری اسپتالوں میں بچوں کی پیدائش کے بعد والدین کو دیے جائیں گے۔ پیکج میں کپڑے، نیپی، نہانے اور کھانے کا سامان، خصوصی لباس، خاندانی معاونت کتابچہ اور ایک کہانی کی کتاب شامل ہوگی۔ میئر نے کہا یہ اقدام کم آمدنی والے والدین کے لیے معاونت اور ابتدائی تعلیم کے مواقع میں بہتری کے وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے۔ اس سے قبل، والدین کی مالی معاونت اور والد کی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں۔ ایڈمز نے کہا یہ منصوبہ خواتین کی بہبود کے وسیع تر پروگرام کا بھی حصہ ہے، جس کا مقصد بہتر روزگار، طبی سہولیات اور گھریلو تشدد سے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔