میئر ایڈمز کا معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے کمیونٹی اتحاد کا اعلان
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز اور مینہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ نے واشنگٹن اسکوائر پارک اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں سیکیورٹی اور معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے ایک نئے کمیونٹی کولیشن کے قیام کا اعلان کر دیا۔
میئر ایڈمز کے مطابق یہ نیا اقدام گرین وچ ولیج اور ویسٹ ولیج کے علاقوں میں مقامی رہائشیوں، کاروباری اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، اور کمیونٹی تنظیموں کے اشتراک سے کام کرے گا، تاکہ پارک اور اس کے گردونواح میں جرائم، بے گھری، اور منشیات کے استعمال جیسے مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ میئر ایڈمز کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نیویارک کو ایک محفوظ اور خوشحال شہر بنانے کے لیے جاری پالیسیوں کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق، مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے مسائل کا عملی حل تلاش کیا جائے گا۔ ڈسٹرکٹ اٹارنی بریگ نے بھی اس موقع پر زور دیا کہ سیکیورٹی، کمیونٹی سپورٹ، اور قانونی کارروائی کے امتزاج سے پارک اور اس کے آس پاس کے علاقے کو زیادہ محفوظ بنایا جائے گا۔ میئر نے کہا اس منصوبے میں نیویارک یونیورسٹی، نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ، میئر کے مختلف دفاتر، محکمہ صحت، سماجی خدمات اور دیگر کئی سرکاری ادارے شامل ہوں گے۔ ایڈمز کے مطابق ٹاسک فورس ہر ماہ دو بار اجلاس کرے گی، مقامی مسائل پر براہ راست ردعمل دے گی، اور گراؤنڈ پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ٹیمیں تعینات کرے گی۔