گینگ تشدد ایک حقیقی مسئلہ ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، ایرک ایڈمز
نیویارک(ویب ڈیسک) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کا کہنا ہے کہ گینگ تشدد ایک حقیقی مسئلہ ہے، جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بات میئر ایڈمز نے میڈیا سے براہ راست گفتگو کے دوران کہی جہاں انہوں نے عوامی تحفظ کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نیویارک سٹی میں 20,000 غیر قانونی ہتھیار ضبط کیے جا چکے ہیں، جس سے شہر میں جرائم کی شرح کو کم کرنے میں مدد ملی ہے۔ ساتھ ہی بے گھری، منشیات اور غیر قانونی کاروبار جیسے مسائل کے حل کے لیے ہنٹس پوائنٹ اور موٹ ہیون میں کمیونٹی لنک پروگرام متعارف کروایا گیا ہے، جو مختلف ایجنسیوں کے اشتراک سے ان مسائل کو مؤثر طریقے سے حل کرنے میں مدد دے گا۔ نیویارک سٹی کونسل میں جاری گینگ ڈیٹا بیس کے حوالے سے بحث پر بات کرتے ہوئے میئر ایڈمز نے کہا کہ ہمیں حقیقت پسندانہ فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔ میئر ایڈمز نے رہائش کے مسائل پر قابو پانے کے لیے نئے منصوبوں کا اعلان بھی کیا، جس میں کونئی آئی لینڈ میں 1,500 کم قیمت گھروں کی تعمیر شامل ہے۔ میئر نے کہا اس منصوبے کا مقصد شہر میں رہائشی بحران کو کم کرنا اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے سستی رہائش فراہم کرنا ہے۔