vosa.tv
Voice of South Asia!

ٹرمپ انتظامیہ کا کنجسشن پرائسنگ منصوبہ ختم کرنے کا اعلان

0

ٹرمپ انتظامیہ نے نیویارک شہر میں کنجسشن پرائسنگ منصوبہ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

 امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے ایم ٹی اے کے اس منصوبے کی منظوری واپس لے لی، جس کے بعد ایم ٹی اے نے وفاقی عدالت میں اسے چیلنج دائر کر دیا ہے۔ مین ہٹن میں کئی شہریوں، ٹیکسی اور اوبر ڈرائیورز نے اس فیصلے کو اخراجات میں کمی کے تناظر میں خوش آئند قرار دیا، جبکہ کچھ نے کہا کہ منصوبہ جاری رہنا چاہیے تھا کیونکہ اس سے ٹریفک میں کمی اور سفر آسان ہو گیا تھا۔ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوکل نے واضح کیا کہ کنجسشن پرائسنگ ابھی بھی نافذ العمل ہے، لیکن اس کا مستقبل غیر یقینی ہے۔ دوسری جانب، نیو جرسی کے گورنر فل مرفی نے اسے نیو جرسی کے متوسط طبقے کی جیت قرار دیا، جبکہ نیو جرسی کے کانگریس مین جوش گوٹھہائمر نے اسے ایم ٹی اے کی مالی اسکیم قرار دیا۔ نیویارک کے کانگریس مین جیری نیڈلر نے ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے پر تنقید کی اور کہا کہ بائیڈن انتظامیہ کی دی گئی منظوری اب بھی برقرار ہے، جبکہ اسٹیٹن آئی لینڈ کی کانگریس وومن نیکول ملیوٹاکس نے کہا کہ اس منصوبے کے ماحولیاتی اثرات پر مناسب تحقیق نہیں کی گئی۔ گورنر ہوکل نے نیو جرسی کی مداخلت پر اعتراض کرتے ہوئے کہا، نیو جرسی کو نیویارک کے معاملات میں دخل اندازی کا اختیار کب ملا۔ ٹرانسپورٹیشن آلٹرنیٹیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بین فرنس نے کہا کہ 66 فیصد نیویارک کے مستقل ڈرائیورز کنجسشن پرائسنگ کے حامی ہیں، اور اس منصوبے کی منسوخی بری سیاست اور بری پالیسی ہے۔ فی الحال، ایم ٹی اے اور نیویارک حکام قانونی چارہ جوئی کی تیاری کر رہے ہیں، جبکہ نیو جرسی کے سیاستدان اور عوام اس فیصلے کو اپنی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.