نیو لائف منارٹی کے زیر اہتمام حجاب ڈے کا انعقاد
نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کے زیر اہتمام حجاب ڈے کی مناسبت سے نیو یارک کے علاقے بروکلین کونی آئی لینڈ ایوینیو پرخصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔تقریب میں مہمانانِ خصوصی، سماجی کارکن اور کمیونٹی لیڈرز نے خطاب کیا۔تقریب میں نیو یارک سٹی کونسل کی ممبر فرح لوئس بطورمہمانِ خصوصی مدعو تھیں جبکہ نیو لائف منارٹی ہیومن رائٹس کونسل کی پریذیڈنٹ راحیلہ اسلم اور ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے خصوصی شرکت کی۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔تقریب میں موجود شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے حجاب ڈے کی مناسبت سے اسکی اہمیت پرروشنی ڈالی ، جبکہ ہارٹ ڈزیزاوئیر نیس منتھ سے متعلق بھی گفتگو کی۔اس موقع پر نیو لائف منارٹی کی پریذیڈنٹ راحیلہ اسلم نے کہا کہ حجاب نہ صرف ایک مذہبی فریضہ ہے بلکہ خواتین کے اعتماد کی علامت بھی ہے۔ اس موقع پر فرح لوئس نے حجاب کی اہمیت اور خواتین کے حقوق پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات معاشرے میں ہم آہنگی اور رواداری کو فروغ دیتی ہیں۔ مقررین نے خطاب میں حجاب کے سماجی اور مذہبی پہلوؤں پر روشنی ڈالی اور خواتین کے لیے اس کے مثبت اثرات کو اجاگر کیا۔تقریب میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور حجاب سے متعلق آگاہی حاصل کی۔ شرکاء نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس طرح کے مزید پروگرام منعقد کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔