vosa.tv
Voice of South Asia!

نیویارک سٹی کا بہترین میئر بننے کی کوشش کروں گا، کمپٹرولر بریڈ لینڈر

0

نیویارک سٹی کے کمپٹرولر بریڈ لینڈر نے میئر کا انتخاب لڑنے کا اعلان کردیا۔کہتے ہیں ایمیگریشن اینڈ کسٹم  انفورسمنٹ  کو اسکولوں اور اسپتالوں میں داخل کی اجازت نہیں دیں گے۔

ایسے تارکینِ وطن جو کسی بھی طرح کے جرائم میں ملوث نہیں انھیں یہاں رہنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ یہ باتیں انھوں نے پاکستانی کمیونٹی کے صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔
کمپٹرولر نیویارک بریڈ لینڈر نے پاکستانی صحافیوں کے سوالات  کے  جواب میں کہا کہ میں  پاکستانیوں سمیت تمام کمیونٹی کو یہ یقین دلاتا ہوں  کہ  ہم ان کے ساتھ کھڑے  ہیں۔کمپٹرولر نے ٹرمپ کے غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی پر بڑے شہروں کے تعاون نہ کرنے پر فنڈنگ میں کٹوتی سے متعلق سوال کے  جواب میں کہا کہ نیویارک سٹی کا اپنا قانون ہے، اگر کوئی تارکین وطن  سنگین نوعیت کے جرائم  میں ملوث ہے تو اس کے خلاف ضرور  کاروائی کی جانی چاہیے، لیکن ایسے تارکینِ وطن جو مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں ہیں تو انھیں یہاں رہنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔کمپٹرولر بریڈ لینڈر نے یہ بھی کہا کہ ہمیں وفاق سے بجٹ ضرور ملتا ہے لیکن جن لوگوں نے اس شہر کی تعمیر و ترقی میں حصہ لیا انھیں بھی محفوظ بنانا ہے، موجودہ میئر  ایرک ایڈمز نے  ٹرمپ کی حلف برداری میں شریک ہوکر یہ پیغام دیا  کہ وہ جو چاہیں کرسکتے ہیں ۔بریڈ لینڈر نے نیویارک سٹی کے الیکشن لڑنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ میرا ماضی بے داغ اور میری کار کردگی سے  تمام کمیونٹی بخوبی آگاہ ہیں۔ میری سیاست ذاتی مفاد  اور خود کی شخصیت کے گرد نہیں گھومتی، میں  شہریوں کی خدمت پر یقین  رکھتا ہوں۔کمپٹرولر بریڈ لینڈر کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں وہ واحد یہودی سیاستدان ہوں جس نے اسرائیل حماس میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا، میں اس بات پر یقین رکھتا ہوں کہ مسلمان اور یہود ی ایک ساتھ رہ سکتے ہیں ،اگر میں میئر منتخب ہوا تو دونوں قومیں ایک ساتھ عبادت بھی کریں گی، بریڈ لینڈر نے  سورہ اخلاص کی پہلی آیت بھی سنائی ۔نیویارک سٹی کے کمپٹرول  بریڈ لینڈر نے یہ دعویٰ کیا وہ اس شہر کے لیے بہترین میئر ثابت ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.