امن،محبت، بھائی چارگی اور اتحاد کے فروغ کا پیغام
مسلم ہیریٹج منتھ کی پُر رونق تقریب میں کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک،ریاست نیوجرسی کی قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب پہلی مسلمان خاتون رکن شمع حیدر اور برگن کاؤنٹی کےمختلف آفیشلز کی شرکت،عربی کلاسک ٹرایو بینڈ نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کرکے خوبصورت دھنیں بکھیریں اور ثقافتی رقص ڈبکہ نے تقریب کی رونق کو چار چاند لگا دئیے
نیوجرسی(بیورو رپورٹ)کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی اور محبانِ اردو آف نارتھ امریکا کے زیرِ اہتمام نیوجرسی کے نجی ہوٹل میں دوسرے سالانہ مسلم ہیریٹج منتھ کی پُر رونق تقریب کا آغازپرور درگار کے بابرکت کلام سے ہوا، حافظہ عنائیہ قریشی نے تلاوتِ کلام پاک کا شرف حاصل کیا۔تقریب میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے امریکا میں مقیم مسلم کمیونٹی کثیر تعداد نے اپنی فیملی اور دوستوں کے ساتھ شرکت کی۔
اس موقع پر کمسن بچوں نے اسلامی تہذیب کا حوالہ دیتے ہوئے منفرد انداز اور لہجے میں قصیدہ بردہ شریف پیش کیا جس نے تقریب میں سماں باندھ دیا۔تقریب کی نظامت سائرہ گلابی کرر ہی تھیں جنھوں نے خطبہ استقبالیہ دیتے ہوئےکلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کا تعارف کروایا اور مہمانوں کی آمد پر ان کا خیر مقدم بھی کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلم ثقافتی ورثہ کے ذریعے ہم دیگر مذاہب اور اقوام کو امن،محبت،بھائی چارگی اور اتحاد کے فروغ کا پیغام دینا چاہتے ہیں ۔مسلم ہیریٹج منتھ کی تقریب میں مشرقی ملبوسات،دیدہ زیب جیولری،کشمیری شالز،آرائشی اشیاء، پرفیومز کاسمیٹکس وغیرہ فروخت کے لیے شامل تھیں جس میں شرکاء نے بہت دلچسپی لی۔اس موقع پر کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کی روحِ رواں فرحت خان نے وائس آف ساوتھ ایشیاء سے گفتگو میں کہا کہ پروگرام کا مقصد اسلام کے بارے میں منفی تاثرات کو ختم کرنا ہے۔تقریب میں اسلامی تاریخ پر مبنی لٹریچر رکھا گیا اور اسلامی تہذہب کی عکاسی کرتے مختلف فن پاروں کی نمائش بھی کی جو سب کی توجہ کا مرکز بنی رہی۔کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کی فرحت خان کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی گورنر فل مرفی کی منظوری کے بعد گزشتہ سال مسلم ثقافتی ورثے کا مہینہ منایا، یہ دوسرا سال ہے، مستقبل میں بھی یہ روایت قائم و دائم رہے گی۔دوپہر سے شروع ہونے والی اس تقریب میں ریاست بھر سے مسلم کمیونٹی کے افراد جوق درجوق آتے رہے۔شرکاء کے لیے فوڈ بازار بھی قائم کیا گیا جہاں انتہائی لذیذ اور ذائقہ دار پکوان رکھے گئے، اس موقع پر تقریب کے ایک اور مرکزی آرگنائزر تمکین خطیب نے ایونٹ کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم دیگر مذاہب اور اقوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ دنیا کی ترقی،سائنس،فنون لطیفہ سمیت تمام شعبوں میں مسلمانوں کا بہت اہم کردار ہے۔ مرکزی آرگنائزر محبانِ اردو آف نارتھ امریکا کے صدر محسن خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی اسلامی تاریخ، تہذیب و ثقافت اور روایات پر فخر ہے ۔تقریب میں ریاست نیوجرسی کی قانون ساز اسمبلی کے لیے منتخب پہلی مسلمان خاتون رکن شمع حیدر اور برگن کاؤنٹی کےمختلف آفیشلز بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر اسمبلی وومن شمع حیدر کا کہنا تھا کہ مسلم ہیریٹج منتھ اپنی تاریخ،تہذیب و ثقافت سے دوسروں کو روشناس کروانے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔بعدازں وائس آف ساوتھ ایشیا سے گفتگو میں اسمبلی وومن شمع حیدر کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ سیاست میں حصہ لیں اور قانون ساز ایوانوں کا حصہ بنیں ۔مسلم ہیریٹج منتھ کے انعقاد میں خواتین پر مشمل غیر منافع بخش تنظیم کلچرل سوسائٹی آف برگن کاونٹی کی فرحت خان،غزالہ چوہان،نادیہ خان،فائزہ ریاض،نسیم قدیر،شہناز کھوکھر اور ڈاکٹر غزالہ ارشد نے اہم کردار اد اکیا۔اس موقع پر ڈاکٹر غزالہ ارشد کا کہنا تھا کہ مسلم ہیریٹج منتھ دراصل مسلم تہذیب و ثقافت کا تبادلہ ہے ۔کہتے ہیں کہ جوڑے آسمانوں پر بنتے ہیں لیکن جیون ساتھی کی تلاش اور ملن زمین پر ہی ہوتا ہے۔ غیر شادی شدہ مسلمان خواتین و مردوں کے لیے اپنے جیون ساتھی کے انتخاب کے لیے میٹری مونیئل کے عنوان سے بھی ایک سیشن رکھا گیا۔اس موقع پر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والے جعفر اسماعیل کو ان کی ستائش کے لیے تعریفی سند اور ایوارڈ سے نوازا گیا۔اس موقع پر جعفر اسماعیل نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اپنے تجربات شیئر کیے۔حاضرین سے خطاب میں ان کا کہناتھا کہ دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے تعلیم سے بہتر کوئی راستہ نہیں، تعلیم و تربیت ہی پہلی ترجیح ہونی چاہیے ۔تقریب میں شریک میں بچوں کے لیے کوئز پروگرام بھی منعقد ہوا جس میں اسلام، تاریخ،سائنس،علم و ادب اوردیگر موضوعات سمیت ذہنی آزمائش پر مبنی سوالات کیے گئے۔اس موقع پرمختلف پروجیکٹس میں نمایاں کارکردگی او رکوئز پروگرام میں کامیاب بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔مسلم ہیریٹج منتھ کی تقریب مختلف مذاہب کے رہنماوں کو اسٹیج پر مدعو کرکے ابراہیمک فیملی کے عنوان سے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مذاکرے کا اہتمام کیا گیا۔بعد ازاں تقریب میں فائر سائیڈ چیٹ کا انعقاد ہوا۔دالیہ موغائید اور آمینہ رائے کنگ نے اس سیشن کو چلایا۔تقریب کے شرکاء نے ہر سیشن کو بھرپور انجوائے کیا،اس موقع پرحاضرین کو لطف اندوز کرنے کے لیےکامیڈی سیگمنٹ ہوا جس میں اسٹینڈ اپ کامیڈین یاسمین الہادی کے طنزو مزاح سے بھرپور جملوں سے شرکاء خوب لطف اندوز ہوئے۔اس موقع پر عربی کلاسک ٹرایو بینڈ نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کرکے خوبصورت دھنیں بکھیریں اور ثقافتی رقص ڈبکہ نے تقریب کی رونق کو چار چاند لگا دئیے ۔تقریب میں نیوجرسی کی برگن کاؤنٹی کے آفیشلز نے حاضرین سے خطاب میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ مسلم ثقافتی ورثے کی تقریب میں شرکت باعثِ افتخار ہے ۔قبل ازیں اذانِ مغرب کا وقت ہوا تو تقریب میں شریک مرد حضرات کی کثیر تعداد نے امام سعید کی قریشی کی اقتداء میں با جماعت نماز ادا کی ۔نماز کے بعد امت ِ مسلمہ کی ترقی وخوشحالی، امن و امان کے قیام کے لیے دعا کی گئی اور یوں مسلم ہیریٹج منتھ کی پر رونق تقریب اپنے اختتام کو پہنچی ۔